سیمی فائنل سے قبل انگلینڈ کو زوردار جھٹکا لگ گیا

199

دبئی: انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے جارح مزاج اوپننگ بلے باز جیسن روئے پنڈلی میں انجری کے باعث انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ٹی 20 ورلڈکپ سے باہر ہو گئے ہیں اور ان کی جگہ جیمز وینس کو سکواڈ کا حصہ بنا لیا گیا ہے۔ 
جیسن روئے ایونٹ کے سپر 12 مرحلے میں جنوبی افریقہ کے خلاف میچ کے دوران زخمی ہوئے تھے اور اب وہ ٹورنامنٹ سے ہی باہر ہو گئے ہیں جس کے باعث نیوزی لینڈ کے خلاف بدھ کے روز شیڈول سیمی فائنل میچ بھی نہیں کھیل سکیں گے۔ 
جیسن روئے کی صورت میں انگلینڈ کو یہ دوسرا دھچکا پہنچا ہے کیونکہ گزشتہ ہفتے ٹیمل ملز بھی انجری کے باعث ایونٹ سے باہر ہو گئے تھے اور ان کی جگہ ریس ٹاپلی کو سکواڈ کا حصہ بنایا گیا تھا۔ این مورگن کا کہنا ہے کہ جیسن روئے سکواڈ کا اہم حصہ ہیں اور ٹی 20 فارمیٹ میں وہ دیگر انگلش کھلاڑیوں کیلئے مثال ہیں۔ 
واضح رہے کہ انجری مسائل سے دوچار انگلینڈ کرکٹ ٹیم ٹی 20 ورلڈکپ سپر 12 مرحلے میں پہلے نمبر پر رہی جو اب سیمی فائنل میچ میں نیوزی لینڈ کے مدمقابل ہو گی۔ 

تبصرے بند ہیں.