طالبان کا پاکستان میں افغان سفارتخانے کیلئے نئے ناظم الامور کا تقرر

103

کابل: طالبان نے پاکستان میں افغان سفارتخانے کیلئے نئے ناظم الامور کا تقرر کر دیا ہے۔

افغانستان کی عبوری حکومت نے محمد شکیب کو پاکستان میں افغان سفارتخانے کا ناظم الامور تعینات کیا ہے۔ کوئٹہ اور پشاور کے افغان قونصل خانوں کیلئے بھی افغان سفارتکار مقرر کیے گئے ہیں۔

خبرایجنسی سے گفتگو میں طالبان رہنما کا کہنا تھا کہ پاکستان نے ابھی ہمیں بطور افغان حکومت تسلیم نہیں کیا لیکن افغان سفارتکاروں کا تقرر عوام کی سہولت کیلئے کیا گیا ہے۔

پاکستانی دفترخارجہ اورطالبان ترجمان کی طرف سے خبر پر ابھی کوئی تبصرہ نہیں کیا گیا۔

یاد رہے کہ طالبان نے کابل پر کنٹرول کے بعد نئی عبوری حکومت بنائی ہے تاہم دنیا بھر میں تاحال سفارتکار مقرر نہیں کیے ہیں اور نہ ہی کسی ملک نے باقاعدہ تسلیم کیا ہے۔
گزشتہ دنوں افغانستان میں بڑھتی ہوئی بیروزگاری اور بھوک سے نمٹنے کے لیے طالبان نے نئے پروگرام کے تحت ہزاروں افراد کو کام کے بدلے گندم فراہم کرنے کی پیشکش کر دی ہے۔

عالمی خبر رساں ایجنسی کے مطابق اس ضمن میں طالبان کے مرکزی ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے باقاعدہ دارالحکومت کابل میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کیا جس میں انہوں نے کہا کہ یہ اسکیم پورے افغانستان میں شروع کی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ صرف کابل میں اس اسکیم سے 40 ہزار افراد کو روزگار فراہم کیا جائے گا۔

ذبیح اللہ مجاہد نے کہا کہ بیروزگاری کا مقابلہ کرنے کے لیے یہ ایک اہم قدم ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مزدوروں کو سخت محنت کرنی چاہیے۔ افغانستان میں مقیم افراد پہلے ہی غربت، خشک سالی، بجلی کی بندش اور معاشی نظام کی ناکامی کا سامنے کر رہے ہیں جب کہ اب خزاں بھی دستک دینے پہنچ گئی ہے۔

طالبان کے اعلان کردہ پروگرام میں ان افراد کو ہدف بنایا گیا ہے جو اس وقت بیروزگار ہیں اور خدشہ ہے کہ سخت سردیوں کے دوران وہ بھوک کا بھی شکار ہو سکتے ہیں۔

تبصرے بند ہیں.