حکومت کی غفلت کے باعث ڈینگی عوام کیلئے خطرہ بن رہا ہے: شہباز شریف

132

لاہور: پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر اور اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی شہباز شریف نے کہا ہے کہ ڈینگی سے عوام کی زندگیوں کے لئے خطرات سنگین سے سنگین تر ہو رہے ہیں جبکہ حکمران غافل ہیں ۔

 

اپنی ٹویٹ میں شہباز شریف نے کہا کہ ڈینگی انتہائی مہلک ہے اور غفلت کا نتیجہ لوگوں کی قیمتی زندگیوں کے ضیاع کی صورت نکلے گا ۔ حکومت ہمارے دور میں بنائے ہوئے ڈینگی ڈیش بورڈ سمیت دیگر طریقہ کار کو اپنا کر اس مہلک وبا سے عوام کو محفوظ بناسکتی ہے ۔

 

انہوں نے کہا کہ ڈینگی سے نمٹنے کا پورا نظام ، تربیت یافتہ عملہ اور طریقہ کار موجود ہے ۔ ڈینگی بے قابو ہوا تو یہ صرف اور صرف مجرمانہ انتظامی نااہلی ہوگی ۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز وزیر صحت پنجاب یاسمین راشد نے کہا تھا کہ اب کورونا کے ساتھ ڈینگی وائرس کا معاملہ بھی زور پکڑ رہا ہے ۔ ڈینگی کا مچھر تیز گرمی میں ختم ہو جاتا ہے لیکن اس بار موسم کی تبدیلی کے باعث کیسز میں اضافہ شروع ہوا ۔

 

پریس کانفرنس کرتے ہوئے یاسمین راشد نے کہا کہ ڈینگی کے حوالے سے میٹنگز کی ہیں ۔ لاہور میں اس وقت کیسز زیادہ ہو رہے ہیں ۔ راولپنڈی میں ڈینگی کے 49 مریض ہولی فیملی میں داخل ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ اگر کسی کو بخار ہو رہا ہے جو کم نہیں ہو رہا تو فوری قریبی ہسپتال سے ٹیسٹ کرائیں ، حکومت نے سرکاری ہسپتالوں میں ڈینگی ٹیسٹ کی سہولت رکھی ہے ۔

 

وزیر صحت پنجاب نے عوام سے درخواست کی کہ وہ کھلے برتن میں پانی نہ چھوڑیں اور گھروں میں کہیں بھی پانی کھڑا نہ ہونے دیں اس سے ڈینگی پھیلنے کا خدشہ ہے ۔

 

 

 

تبصرے بند ہیں.