کراچی: مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما شاہد خاقان عباسی نے کہا وزیراعظم کو صرف ایک فکر ہے کہ امریکی صدر جوبائیڈن کی فون کال نہیں آئی اور جبکہ افغانستان میں مداخلت کا ہمیں کوئی حق نہیں۔
سماعت کے بعد میڈیا سے گفتگو میں شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ اس وقت سب سے بڑا مسئلہ چیئرمین نیب کی مدت میں توسیع ہے اور قانون واضح ہے کہ توسیع نہیں ہوسکتی ہے لیکن حکومت کی کوشش ہے کہ اسی چیئرمین کو استعمال کر کے اپوزیشن کو ڈرا دھمکا سکیں۔
لیگی رہنما نے کہا کہ اگر چیئرمین نیب کی مدت میں آرڈیننس کے ذریعے توسیع کی گئی تو اسے سپریم کورٹ میں چینلج کریں گے۔
سابق وزیر اعظم نے کہا کہ موجودہ حکومت نے منصوبے مکمل کرنا تو دور، کوئی منصوبے شروع نہیں کیے، گرین لائن منصوبہ نواز شریف کا سندھ کے لیے تحفہ تھا، وفاقی حکومت تین سال سے بسیں نہیں دے سکی، ایک کے بعد ایک ٹینڈرز منسوخ کیے گئے۔
شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کو صرف ایک فکر ہے کہ بائیڈن کی کال نہیں آئی جب کہ افغانستان میں مداخلت کا ہمیں کوئی حق نہیں ہے۔
خیال رہے کہ احتساب عدالت میں سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی اور دیگر کے خلاف سابق ایم ڈی پی ایس او کی غیر قانونی تعیناتی کے خلاف دائر ریفرنس کی سماعت ہوئی تاہم عدالت نے ریفرنس کی سماعت بغیر کارروائی کے 28 اکتوبر تک ملتوی کر دی۔
تبصرے بند ہیں.