خصوصی طیارہ سائنوویک کی 20 لاکھ خوراکیں لے کر اسلام آباد پہنچ گیا

187

اسلام آباد: پی آئی اے کا خصوصی طیارہ کورونا ویکسین کی 20 لاکھ خوراکیں لے کر اسلام آباد پہنچ گیا ہے۔ پاکستان انٹرنیشل ایئر لائنز (پی آئی اے) کے ترجمان عبداللہ خان کی طرف سے جاری بیان کے مطابق پی آئی اے کی پرواز پی کے 6852 چین کے شہر بیجنگ سے اسلام آباد پہنچ گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ 20 لاکھ خوراکیں اسلام آباد ائیرپورٹ پر این ڈی ایم اے حکام کے حوالے کی گئی ہیں۔

واضح رہے کہ 20 جون اتوار کو حکومت کی ہدایت پر پی آئی اے کی خصوصی پرواز پی کے 6852 چین سے 15 لاکھ 50 ہزار سائنو ویک ویکسین لے کر اسلام آباد پہنچی تھی۔ پی آئی اے اس ریلیف آپریشن کیلئے بوئنگ 777 طیارے استعمال کررہا ہے۔

این سی او سی کے مطابق ویکسین کی یہ خوراکیں چین کی پاکستان کے ساتھ لازوال دوستی کے تحت کیے گئے معاہدے پر عملدرآمد کرتے ہوئے لائی گئی ہیں۔

این سی او سی کے زیر نگرانی این ڈی ایم اے بین الاقوامی مارکیٹ سے ویکسینز کی خریداری کے عمل کو دیکھ رہا ہے۔

ویکسین کی یہ خوراکیں تمام صوبوں میں قائم شدہ ویکسین سینٹرز پر پہنچائی جائیں گی جس کے لئے پہلے سے حکومت پاکستان نے انتظامات کر رکھے ہیں۔

سائنو ویک کی اس کھیپ کی آمد کے ساتھ ملک بھر میں عوام کو روزانہ لگائی جانے والی اوسطاً خوراک میں خاطر خواہ اضافہ ہوگا اور زیادہ سے زیادہ لوگ اس وبائی مرض کے خلاف ویکسین لگوا سکیں گے۔

خیال رہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس سے مزید 39 افراد جان گنوا بیٹھے جس کے بعد اموات کی تعداد 22 ہزار77 ہو گئی ہے۔

محکمہ صحت کے مطابق ملک میں کورونا کے کیسز کم ہو رہے ہیں ، 24 گھنٹے میں 930 افراد میں وائرس کی تصدیق ہوئی۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کے مطابق ایک دن میں 45 ہزار 519 افراد کے کورونا ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے مثبت کیسز کی شرح 2.04 فیصد رہی ، کورونا سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 9 لاکھ 50 ہزار 768 ہو گئی ہے۔

تبصرے بند ہیں.