بیونس آئرس: کورونا وائرس سے صحتیاب ہونے والے افراد کو اب ایک نئی بیماری نے جکڑنا شروع کر دیا ہے، اس بیماری کے آئے روز کیسز سامنے آ رہے ہیں۔ حال ہی میں جنوبی امریکا کے اہم ملک ارجنٹینا میں اس کا ایک نیا کیس سامنے آیا ہے، اس بیماری کو بلیک فنگس کہا جا رہا ہے۔
میڈیا رہورٹس کے مطابق ارجنٹینا کے محکمہ صحت حکام نے اس بیماری کے پھیلنے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ بلیک فنگس سے متاثر ہونے والی مریض ایک خاتون ہے۔ مرض کی تشخیص کے بعد اسے انتہائی نگہداشت وارڈ میں داخل کرا دیا گیا ہے جہاں اس تمام ممکنہ طبی سہولیات دی جا رہی ہیں۔
ارجنٹینا کے حکام کا کہنا ہے کہ یہ مریضہ اس سے قبل عالمی وبا کورونا وائرس سے متاثر تھی، تاہم وہ اس سے مکمل طور پر صحتیاب ہو کر نارمل زندگی گزار رہی تھی لیکن اس کے اندر اچانک بلیک فنگس کے اثرات ظاہر ہونا شروع ہو گئے۔
خاتون کی حالت بگڑنے کے بعد اسے جب ہسپتال پہنچایا گیا تو ڈاکٹروں نے شک کی بنیاد پر اس کے مختلف ٹیسٹ کئے کہ آیا یہ مریضہ دوبارہ کورونا وائرس میں تو مبتلا نہیں ہو چکی ہے لیکن رپورٹس منفی آئیں، تاہم اس کے جسم میں بلیک فنگس کی موجودگی پائی گئی جس نے اسے شدید بیمار کر دیا ہے۔
خیال رہے کہ بلیک فنگس کی بیماری ایک سے دوسرے میں منتقل نہیں ہوتی لیکن ایسے افراد جو پہلے سے کسی بیماری میں مبتلا ہیں، ان پر اس کے وار خطرناک ہو سکتے ہیں۔ ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ یہ بیماری آنکھوں، ناک اور دماغ کو سب سے زیادہ متاثر کرتی ہے۔
طبی ماہرین کا ہنا ہے کہ کورونا کے بعد انسانوں میں سامنے آنے والے اس فنگس کی بہت سی اقسام ہیں، جن میں سیاہ، سفید اور سبز شامل ہیں۔ یہ مرض کورونا سے صحتیاب ہونیوالوں کو لاحق ہو رہا ہے۔ سائنسدان اس بیماری کا تدارک کرنے کیلئے سر جوڑ کر بیٹھے ہوئے ہیں۔
تبصرے بند ہیں.