چینی وزیراعظم لی چیانگ اگلے ماہ پاکستان کا سرکاری دورہ کریں گے

28

اسلام آباد :چین کے وزیراعظم لی چیانگ اگلے ماہ پاکستان کاتین روزہ دورہ کریں گے۔اس دوران وہ شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہی اجلاس میں بھی شرکت کریں گے۔

 

سفارتی ذرائع کے مطابق اکتوبر کی 14، 15 اور 16 تاریخ کو پاکستان میں ان کی مصروفیات کا شیڈول طے کر لیا گیا ۔ یہ11 سال بعدکسی بھی چینی وزیراعظم کا دورہ پاکستان ہوگا۔

 

چینی وزیراعظم کا دورہ پاکستان دو حصوں پر مشتمل ہوگا، دورے کے پہلے حصے کے تحت چینی وزیراعظم دوطرفہ دورے پر 14 اکتوبر کو اسلام آباد پہنچیں گے، دو طرفہ دورے میں پاک چین تعلقات اور دیگر معاملات زیر غور آئیں گے۔

 

ذرائع نے بتایا ہے کہ دورے کے دوسرے حصے میں چینی وزیراعظم 15 اور 16 اکتوبر کو اسلام آباد میں  ہونے والی شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہان حکومت کے اجلاس میں شرکت کریں گے۔

 

سفارتی ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ چینی وزیراعظم ایس سی او کے حکومتی سربراہان کے اجلاس میں چین کی نمائندگی کریں گے، چینی وزیراعظم کے اس دورے میں دونوں ممالک کے درمیان متعدد معاہدوں پردستخط متوقع ہیں۔

 

واضح رہے کہ اس سے قبل چینی وزیراعظم لی کی چیانگ 2013 میں پاکستان آئے تھے جب پاکستان میں انتخابات کا جمہوری عمل مکمل ہوا تھا، اس وقت بھی آصف علی زرداری صدارتی منصب پر فائز تھے اور میر ہزار خان کھوسو نگران وزیراعظم تھے۔

تبصرے بند ہیں.