وزیراعظم اور سعودی ولی عہد کی ملاقات، 5 ارب ڈالر کا پیکیج جلد مکمل کرنے پر اتفاق

163

ریاض:  سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز سے وزیراعظم شہبازشریف کی ملاقات کے بعد کا مشترکہ اعلامیہ جاری کر دیا گیا ہے۔جاری کردہ اعلامیہ میں کہا گیا شہزادہ محمد بن سلمان سے شہبازشریف نے الصفاء پیلس مکہ المکرمہ میں باضابطہ ملاقات کی، سعودی ولی عہد نے وزیراعظم کو منصب سنبھالنے پر مبارکباد دی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

اعلامیہ کے مطابق وزیراعظم نے سعودی عرب کی غیر متزلزل حمایت اور مہمان نوازی پر سعودی ولی عہد کا شکریہ ادا کیا، وزیراعظم نے دوطرفہ تعلقات اور اقتصادی تعاون کو فروغ دینے کے لئے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔ملاقات میں ہونے والی بات چیت کا محور دونوں ممالک کے درمیان برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور مختلف شعبوں میں تعاون کو بڑھانے کے راستے تلاش کرنا تھا۔ ملاقات میں پاکستان کی معیشت میں سعودی عرب کے تعاون کو سراہا گیا، دونوں ممالک کے درمیان کاروبار اور سرمایہ کاری کے حوالے سے تعاون بڑھانے کے باہمی عزم کا بھی اظہار کیا گیا۔
دونوں رہنماؤں نے پاکستان میں 5 ارب ڈالر مالیت کے نئے سعودی سرمایہ کاری پیکیج کے پہلے فیز کو جلد از جلد پایہ تکمیل تک پہنچانے کے عزم کا اعادہ کیا، دونوں رہنماؤں نے غزہ کی تشویشناک صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کی علاقائی اور عالمی پیش رفت پر بھی تبادلہ خیال کیا۔

تبصرے بند ہیں.