راولپنڈی: بانی پی ٹی آئی عمران خان نے کہا کہ مسلم لیگ ن، پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم سے کوئی اتحاد نہیں ہو گا۔انہوں نے کہا کہ علی امین گنڈا پور خیبر پختونخوا کے وزیر اعلیٰ ہوں گے۔
بانی پی ٹی آئی نے اڈیالہ جیل میں صحافیوں نے غیر رسمی گفتگو کے دوران کہا کہ ن لیگ ایم کیو اور پیپلز پارٹی کے علاوہ تمام جماعتوں سے بات کرنے کی ہدایت کی ہے۔ ان کا کہناتھا کہ رؤف حسن کو ملاقات میں تین جماعتوں کے علاوہ سب کو اکٹھا کرنے کو کہا ہے۔ دھاندلی کیخلاف آواز اٹھانے والی جماعتوں کو اکٹھا کر رہے ہیں۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ شریف خاندان ملک کا سب سے بڑا منی لانڈر ہے، ملک کا سب سے بڑا مسئلہ ڈالرز ہیں اور یہ ڈالرز بیرون ملک بھیجتے رہے۔ انہوں نے کہا کہ جیل میں کسی بھی سرکاری عہدیدار سے میری ملاقات نہیں ہوئی۔
سابق وزیر اعظم نے کہا کہ نواز شریف کی پریس کانفرنس ملتوی کرنے پر جان گئے تھے کہ ہم الیکشن جیت گئے ہیں، انتخابی نتائج روکنے کے بعد اندازہ ہو گیا تھا انتخابات ہم ہی جیت رہے ہیں۔ میں کہتا رہا کہ واحد حل صرف آزاد و شفاف الیکشن ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف اور مریم نواز دونوں الیکشن ہارے،عالیہ حمزہ نے جیل میں بیٹھ کر ایک لاکھ سے زائد ووٹ لیے۔ ایسی دھاندلی ملکی تاریخ میں کبھی نہیں ہوئی۔
بانی پی ٹی آئی نے مزید کہا کہ ہم سب سے پہلے انتخابی نتائج کو چیلنج کر رہے ہیں، ہم انتخابی نتائج کیخلاف سپریم کورٹ بھی جائیں گے، اب پتہ چل گیا کہ ہم آر اوز کیخلاف کیوں تھے۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ مجھے بنی گالہ شفٹ نہیں کر رہے، بشریٰ بی بی کو بھی اڈایالہ جیل لا رہے ہیں۔ آج بشریٰ بی بی کو اڈیالہ جیل منتقل کرنے کی سماعت ہوئی۔
سابق وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ خیبر پختونخوا کے وزیر اعلٰی علی امین گنڈا پور ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کیلئے ابھی کسی نام پر اتفاق نہیں ہوا ا س پر غور کروں گا۔
تبصرے بند ہیں.