اسلام آباد: چاند کے حوالے سے اگست کا مہینہ کچھ خاص ثابت ہواہے، اس ماہ کی پہلی تاریخ کوچاند زمین کے قریب ترین دیکھا گیا اور اب اگست 2023 کا بلیو سپر مون 30 اگست بروز بدھ کو طلوع ہوگا۔
سپر بلیو مون اسکائی واچرز کے لیے سال کے سب سے روشن اور سب سے بڑے چاند کے طور پر ایک منفردتجربہ پیش کرے گا، جو مشرق میں غروب آفتاب کے فوراً بعد آسانی سے دیکھا جائے گا۔
یکم اگست کو پاکستان سمیت دنیا بھر میں سپر مون کا نظارہ کیا گیا جبکہ مہینے کے اختتام پر بھی ایسا ہوگا مگر اسے سپر بلیو مون کہا جائے گا۔
جب چاند زمین کے سب سے زیادہ قریب ہوتا ہے تو وہ معمول سے زیادہ بڑا اور روشن نظر آتا ہے اور اسے سپر مون کہا جاتا ہے۔ بلیو مون سے مراد یہ نہیں کہ چاند کا رنگ نیلا ہو جائے گا بلکہ انگریزی مہینے میں دوسری بار دکھائی دینے والے چودھویں کے چاند کو بلیو مون کہا جاتا ہے۔
31 اگست کا سپر مون اس سال کا سب سے روشن چاند بھی ہوگا جو نیلا تو نہیں مگر ہلکا سا نارنجی ضرور نظر آسکتا ہے۔اس مہینے کا سپر بلیو مون اس لیے بھی خاص ہے کیونکہ اس کے بعد ایسا نظارہ دیکھنے کے لیے 2032 تک انتظار کرنا ہوگا۔
سپر بلیو مون معمول سے 7.2 فیصد بڑا اور 15.7 فیصد زیادہ روشن نظر آئے گا۔
واضح رہے کہ آخری بار سپر بلیو مون 5 سال قبل 2018 میں دیکھنے میں آیا تھا مگر اس وقت وہ سرخی مائل تھا کیونکہ اس موقع پر چاند گرہن بھی ہوا تھا۔
یاد رہے کہ رواں ماہ یکم اگست کو آسمان پر طلوع ہونے والا چاند زمین سے 2 لاکھ 22 ہزار 158 میل کے فاصلے پرتھا جو معمول سے 7.1 فیصد بڑا اور 15.6 فیصد زیادہ روشن تھا۔
تبصرے بند ہیں.