جہانگیر ترین گروپ دوبارہ متحرک، پی ٹی آئی نظریاتی کے نام سے سیاسی شناخت بنانے کی تجویز

70

لاہور: جہانگیر ترین گروپ ملکی سیاست میں دوبارہ متحرک ہو گیا جس نے آئندہ سیاسی لائحہ عمل کیلئے سر جوڑ لئے ہیں اور اس حوالے سے اہم مشاورت بھی کی گئی ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق جہانگیر ترین کی سربراہی میں گروپ نے مشاورت شروع کر دی ہے اور اس ضمن میں ہونے والے اجلاس میں قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر راجہ ریاض جبکہ وزیراعظم شہباز شریف کے معاون خصوصی عون چوہدری بھی شریک ہوئے۔ 
ذرائع کا کہنا ہے کہ نعمان لنگڑیال، اسحاق خاکوانی، اجمل چیمہ، ترین گروپ کے سابق ارکا ن پنجاب اسمبلی بھی اجلاس میں شریک ہوئے جبکہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) ترین گروپ کے ارکان قومی اسمبلی نے بھی اس اہم مشاورتی اجلاس میں شرکت کی۔
جہانگیر ترین نے گروپ کے اعزاز میں افطار ڈنر دیا جس میں پی ٹی آئی سے تعلق رکھنے والے نئے چہرے بھی شریک ہوئے جبکہ اجلاس میں ترین گروپ نے ملکی سیاست میں دوبارہ فعال کردار ادا کرنے کا فیصلہ کیا، گروپ کے کچھ ارکان کی تحریک انصاف نظریاتی کے نام سے سیاسی شناخت بنانے کی تجویز بھی پیش کی گئی۔ 
جہانگیر ترین گروپ نے تحریک انصاف کے مزید سابق ارکان اسمبلی اور رہنماؤں سے رابطوں کا فیصلہ کرنے کے علاوہ اس امر پر بھی اتفاق کیا گیا کہ ملکی سیاست میں ترین گروپ بھرپور کردار ادا کرے گا۔ 
اجلاس کے شرکاءنے رائے دی کہ عمران خان کی پالیسیوں نے پارٹی کو تباہی سے دوچار کر دیا، پارٹی کے بڑی تعداد میں رہنما عمران خان کی سیاست سے علیحدگی اختیار کرنا چاہتے ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ترین گروپ ملکی سیاست پر نظر رکھتے ہوئے مزید اجلاس بھی کرے گا۔

تبصرے بند ہیں.