اسلام آباد: ملک بھر میں پٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اعلان آج متوقع ہے اور ذرائع کا کہنا ہے کہ قیمتوں میں کمی کے بجائے اضافہ کیا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے بجائے معمولی اضافے کا امکان ہے اور اس کا باقاعدہ اعلان آج وزیراعظم کی منظوری کے بعد کیا جائے گا۔
آئل اینڈ ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) کی سمری میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا کوئی ذکر نہیں جبکہ وزیر اعظم آفس نے قیمتوں کے حوالے سے وزارت خزانہ کو آگاہ کردیا ہے۔
واضح رہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل کا اعلان ہر 15 دن بعد کیا جاتا ہے لیکن رواں مہینے ایسا نہیں ہوا اور گزشتہ روز بھی اس حوالے سے کوئی اعلان نہیں کیا گیا تاہم ذرائع کا کہنا ہے کہ آج قیمتوں میں ردوبدل کا اعلان ہو گا۔
یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ 2 روز قبل یہ خبریں منظرعام پر آئی تھیں کہ ملک بھر میں 16 ستمبر سے پیٹرول کی قیمت میں کمی اور ڈیزل کی قیمت میں اضافے کا امکان ہے۔
ذرائع کا کہنا تھا کہ پٹرول کی قیمت 9.62 روپے کم ہو کر 235.98 روپے سے 226 روپے تک ہو سکتی ہے جبکہ ڈیزل کی قیمت 3.04 روپے اضافے کے بعد 247.26 روپے سے بڑھ کر 250.30 روپے ہو سکتی ہے تاہم آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے ان خبروں کو بے بنیاد قرار دیدیا تھا۔
اوگرا کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ پٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا تعین 15 ستمبر 2022ءکی رات کو کیا جائے گا اور قیمتوں کے حوالے سے غلط معلومات پھیلانے سے گریز کیا جائے کیونکہ اس سے پٹرولیم مصنوعات کی سپلائی میں خلل پیدا ہو سکتا ہے۔
بعدازاں یہ معلوم ہوا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے تعین کا معاملہ شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس کیلئے ازبکستان کے شہر سمرقند میں موجود وزیراعظم کے پاس ہے اور اس وجہ سے ہی اعلان میں تاخیر بھی ہو رہی ہے۔
ذرائع کا کہنا تھا کہ وزارت خزانہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں سے متعلق وزیراعظم کے احکامات کی منتظر ہے اور ان کی جانب سے منظوری ملنے کے بعد ہی قیمتوں کے حوالے سے فیصلہ اور اعلان کیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق چونکہ وزیراعظم شہباز شریف ازبکستان کا دورہ مکمل کر کے وطن واپس پہنچ چکے ہیں اس لئے قوی امکان ہے کہ آج پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل سے متعلق اعلان کر دیا جائے گا۔
تبصرے بند ہیں.