کراچی: انگلینڈ کی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی فل سالٹ نے کہا ہے کہ پاکستان کیخلاف ٹی 20 سیریز میں پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کھیلنے کا تجربہ ہمارے لئے کافی فائدہ مند ثابت ہو گا۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں پریکٹس سیشن کے بعد گفتگو کرتے ہوئے فل سالٹ نے کہا کہ ہم نے آپس میں گفتگو کی ہے کہ پچ کیسی ہوگی اور باؤلرز کی حکمت عملی کیا ہوسکتی ہے۔ میں اکیلا ہی نہیں بلکہ ہماری ٹیم میں متعدد کھلاڑی یہاں پی ایس ایل کھیل چکے ہیں، اس لئے ہمیں کنڈیشنز کی کافی معلومات ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے دوران یہاں کے کراؤڈ کا بھی کافی اندازہ ہوگیا تھا اور ہماری ٹیم فل ہاﺅس کراؤڈ کے سامنے بہترین کرکٹ کھیلنے کیلئے پرامید اور پرجوش ہیں۔
فل سالٹ کا کہنا تھا کہ 17 سال بعد انگلینڈ ٹیم کا دورہ پاکستان بہت خاص موقع ہے اور ہر کھلاڑی کو اس دورے کی اہمیت اور اس کی کشش کا اندازہ ہے جبکہ مجھے اس دورے کیلئے ٹیم کا حصہ بننے پر فخر ہے، پاکستان ایک اچھی ٹیم ہے اور ورلڈ کپ سے قبل ہر کوئی اپنا بہترین کھیل پیش کرے گا۔
انگلش کرکٹر نے مزید کہا کہ یہ پاکستان کی ہوم کنڈیشنز بھی ہیں، ہمیں یہاں جیت کیلئے بہت اچھا کھیلنا ہو گا اور ہم اس دورے کو جیت کے ساتھ یادگار بنانے کیلئے بھرپور تیاری کر رہے ہیں۔
تبصرے بند ہیں.