اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما فواد چوہدری نے کہا ہے کہ رمضان شوگر مل کیس میں شہباز شریف پر ابھی تک فرد جرم عائد نہیں ہوئی، ہم بات کرتے ہیں تو پھر کہتے ہیں توہین کی گئی، گزشتہ روز پورا ملک عمران خان کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے باہر نکلا۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ کل کا جلسہ گوجرانوالہ کی تاریخ کا سب سے بڑا جلسہ تھا جس میں لاکھوں کی تعداد میں لوگ گھروں سے باہر سے نکلے، جگہ جگہ سکرینوں پر عمران خان کا خطاب دکھایا گیا اور کل رات پورا ملک عمران خان کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے باہر نکلا۔
ان کا کہنا تھا کہ احسن اقبال، خرم دستگیر اور شہباز شریف کی ضمانتیں ضبط ہوجائیں گی، یہ لوگ الیکشن سے بھاگ رہے ہیں، الیکشن کمیشن کے فیصلے بند کمروں میں ہوتے ہیں، سیلاب دو تین مہینوں سے جاری تھے، اس وقت آپ کو کیوں خیال نہیں آیا؟ الیکشن کمیشن نے قوم کے اربوں روپے ضائع کئے، الیکشن کمیشن کے اندر انتظامی بحران ہے، 40 لاکھ ووٹرز کو مردہ ڈکلیئرڈ کردیا گیا۔
فواد چوہدری نے کہا کہ رمضان شوگر مل پر دو سال سے سماعت نہیں ہوئی، مجھے نہیں پتہ ہم بات کریں گے یہ توہین ہے یا نہیں، جس دن شہباز شریف کو حلف لینا تھا اس دن اس پر فرد جرم لگنی تھی لیکن شہباز شریف پر ابھی تک فرد جرم نہیں لگی، ہم بات کرتے ہیں تو پھر کہتے ہیں توہین کی گئی۔
ان کا کہنا تھا کہ اداروں کے بغیر ملک نہیں چلتا، اداروں کے ساتھ قریبی تعلقات رکھنا چاہتے ہیں اور اداروں کے ساتھ ایک پیج پر رہنا چاہتے ہیں، پاکستان کے ادارے لوگوں کی نمائندگی نہیں کرتے، غیر منتخب اداروں کو سیاسی لیڈرشپ کا احترام کرنا چاہیے، ملک میں ادارہ جاتی توازن برقرار رہنا ضروری ہے، حتمی فیصلے بند کمروں کے بجائے عوام کو کرنے چاہئیں، بند کمروں میں ہونے والے فیصلوں کا کوئی معیار نہیں ہوتا۔
سابق وزیر اطلاعات نے کہا کہ سازش کے تحت منتخب حکومت کو ہٹایا گیا، معیشت کی کمر توڑ دی گئی، 22 کروڑ لوگوں کو مفتاح اسماعیل اتنے مہینوں سے رلا رہے ہیں، ہماری حکومت میں آٹا 55 روپے کلو تھا، عالمی منڈی میں خوردنی تیل میں کمی آئی لیکن اس حکومت نے ایک روپیہ بھی کم نہیں کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم اس وقت تنہائی کا شکار ہیں، ہمارے دوست ممالک نے ماضی میں ہماری مدد کی، آج پاکستان کے ساتھ ایک بھی دوست ملک نے مدد کیلئے ہاتھ نہیں بڑھایا، کوئی بھی شہباز شریف اور اس کی کابینہ پر اعتماد نہیں کر رہا، اعتماد کی کمی کی وجہ سے اس وقت کوئی بندہ پیسے دینے کیلئے بھی تیار نہیں ہے۔
تبصرے بند ہیں.