ن لیگی سینئر قیادت کا لندن میں ہنگامی اجلاس، پی ٹی آئی کا احتجاج کا اعلان

77

لاہور: مسلم لیگ (ن) کے قائد اور سابق وزیراعظم نواز شریف کی جانب سے وزیراعظم شہباز شریف سمیت سینئر لیگی قیادت کو لندن طلب کیے جانے پر برطانیہ میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے  کارکنوں کو احتجاج کی کال دے دی ہے۔

 

تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی برطانیہ کے  یوتھ ونگ کے صدر علی ملک نے لندن میں حسن نواز شریف کے دفتر کے باہر احتجاج کا اعلان کیا ہے۔پی ٹی آئی برطانیہ کے نوجوان رہنما نے پارٹی کارکنوں سے اپیل کی ہے کہ وہ سابق وزیراعظم نواز شریف کے صاحبزادے کے لندن پہنچنے پر ان کے دفتر کے باہر جمع ہوں۔

یوتھ ونگ کے نومنتخب صدر علی بی ملک نے کہا کہ انہیں انگلینڈ کے کونے کونے میں پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان کے ساتھ کھڑا ہونا ہے۔

 

واضح رہے کہ سابق وزیراعظم  نواز شریف نے پارٹی کا ہنگامی اجلاس لندن میں طلب کیا ہے جس میں شرکت کیلئے وزیراعظم شہباز شریف  کی آج لندن روانگی متوقع ہے۔ جبکہ دیگر سینئر لیگی قیادت بھی لندن روانہ ہو گی۔
ذرائع کے مطابق پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنماءخواجہ آصف، ایاز صادق، ملک احمد خان، عطاءاللہ تارڑ اور خرم دستگیر بھی لندن جائیں گے جبکہ سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی پہلے سے ہی لندن میں موجود ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پارٹی قائد نواز شریف کو بعض معاملات پر تحفظات ہیں اور انہوں نے ویڈیو لنک اجلاس کی تجویز مسترد کرتے ہوئے مرکزی قیادت کو لندن پہنچنے کی ہدایت جاری کی ہے اور (ن) لیگ کوئی بڑا فیصلہ کرنے جا رہی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں پر لائحہ عمل سے متعلق بھی نواز شریف، اسحاق ڈار سے مشاورت ہو گی جبکہ آئندہ انتخابات اور پنجاب میں کابینہ اور پاور شیئرنگ سے متعلق بھی پارٹی اجلاس میں اہم فیصلے کئے جانے کا امکان ہے۔

تبصرے بند ہیں.