لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کابینہ کا اجلاس طلب کرلیا جو کچھ دیر بعد پنجاب اسمبلی میں ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ کی جانب سے استعفیٰ مسترد کیے جانے کے بعد عثمان بزدار کو فوری پنجاب کابینہ کا اجلاس بلانے کی تجویز دی گئی ۔ذرائع پی ٹی آئی کا کہنا ہے کہ پنجاب کابینہ کا اجلاس پنجاب اسمبلی میں بلایا جائے گا، پنجاب کابینہ کا اجلاس عثمان بزدار کی زیر صدارت ہو گا۔
واضح رہے کہ گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ نے عثمان بزدار کا استعفی آئینی اعتراض لگا کر مسترد کر دیا۔گورنر پنجاب نے عثمان بزدار کا استعفیٰ مسترد کر کے اسپیکر پنجاب اسمبلی پرویز الٰہی کو خط لکھ دیا ۔اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الہٰی نے بھی گورنر کا خط موصول ہونے کی تصدیق کر دی۔گورنر پنجاب کی جانب سے لکھے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ عثمان بزدار کا استعفیٰ آرٹیکل 130کے سب سیکشن آٹھ کے تقاضے پورے نہیں کرتا، عثمان بزدار نے استعفیٰ گورنر کے نام دیا ہی نہیں۔عمر سرفراز چیمہ نے خط میں لکھا کہ عثمان بزدار نے استعفیٰ وزیراعظم کے نام دیا جو آئینی طور پر غلط ہے۔
گورنر کی جانب سے عثمان بزدار کا استعفیٰ مسترد کیے جانے کے بعد پی ٹی آئی کا دعویٰ ہے کہ عثمان بزدار بحیثیت وزیراعلیٰ پنجاب بحال ہو گئے ہیں۔پی ٹی آئی حکام کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ کا استعفیٰ مسترد ہونے کے بعد پنجاب کابینہ بھی بحال ہو گئی ہے۔
دوسری جانب لاہور ہائیکورٹ کی گزشتہ روز حمزہ شہباز کے بطور وزیراعلیٰ پنجاب حلف لینے کے احکامات بھی دئیے گئے ہیں، عدالت نے اپنے فیصلے میں حکم دیا کہ سپیکر قومی اسمبلی آج ساڑھے 11 بجے حمزہ شہباز سے وزیراعلیٰ کے عہدے کا حلف لیں، جس کیلئے گورنر ہاؤس میں انتظامات کر لیے گئے ہیں اور مال روڈ پر گورنر ہاؤس کے اطراف میں پولیس کی بھاری سیکورٹی تعینات کی گئی ہے۔
تبصرے بند ہیں.