دبئی: ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) انڈر 19 ایشیاءکپ کے میچ میں پاکستان نے دلچسپ مقابلے کے بعد بھارت کو 2 وکٹوں سے شکست دے کر ٹورنامنٹ میں مسلسل دوسری فتح حاصل کر لی ہے۔
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) اکیڈمی گراؤنڈ نمبر 2 دبئی میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان انڈر 19 نے ٹاس جیت کر بھارت کو بیٹنگ کی دعوت دی تو پوری ٹیم 49 اوورز میں 237 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ آرادھیا یادیو نے سب سے زیادہ 50 رنز بنائے جبکہ ہرنور سنگھ 46، راج باوا 25، کوشل تامبے 32 اور راج وردھن ہنگر گیکار 33 رنز بنا سکے۔
پاکستان کی جانب سے ذیشان ضمیر سب سے کامیاب باؤلر رہے جنہوں نے 10 اوورز میں 60 رنز کے عوض 5 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی اور اویس علی نے 2 وکٹیں حاصل کیں جبکہ قاسم اکرم اور معاذ صداقت ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کرنے میں کامیاب ہوئے۔
پاکستان انڈر 19 کرکٹ ٹیم نے مقررہ ہدف آخری گیند پر 8 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔ پاکستان کی جانب سے محمد شہزاد نے 105 گیندوں پر 5 چھکوں اور 4 چوکوں کی مدد سے 81 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی جبکہ معاذ صداقت 29، حسیب اللہ 3، قاسم اکرم 22، عرفان خان 32، رضوان محمود 29 اور احمد خان 29 رنز بنا سکے۔
بھارت کی جانب سے راج باجوہ سب سے کامیاب باؤلر رہے جنہوں نے 10 اوورز میں 56 رنز کے عوض 4 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ راج وردھن، روی کمار اور نیشانت سندھو ایک، ایک وکٹ حاصل کر سکے۔
تبصرے بند ہیں.