عوام آج جتنی تکلیف میں ہے پہلے نہیں تھی، جہانگیر ترین

226

لاہور: پاکستان تحریک انصاف کے رہنما جہانگیر ترین نے کہا ہے کہ عوام آج جتنی تکلیف میں ہے پہلے نہیں تھی۔

 

اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ حکمرانوں کو چاہیے عوام کو مزید ذلیل ہونے سے بچائیں جبکہ ملک میں معیشت کے بہت مسائل ہیں موجودہ حکمران ان کو سنبھالیں اور ملک مسائل میں گھرا ہوا ہے دعا ہے کہ ان سے نکل جائے۔

 

گزشتہ دنوں اپنے بیان میں ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی میری جماعت ہے لیکن تین سال میں مہنگائی کنٹرول نہیں کر سکی ہے اور اس سے عوام سخت پریشان ہیں۔ مہنگائی سپلائی اور ڈیمانڈ سے کنٹرول ہوتی ہے۔ اگر بروقت برآمدات کے اہم فیصلے ہوجاتے تو چینی اور گندم سمیت دیگر مسائل پیدا ہی نہ ہوتے۔

 

دوسری جانب وفاقی ادارہ شماریات کی رپورٹ کے مطابق ایک ہفتے کے دوران ایل پی جی کا گھریلو سلنڈر 118 روپے 3 پیسے مہنگا ہو گیا ہے جس کے بعد گھریلو سلنڈر کی قیمت 2355 روپے سے بڑھ کر 2463 ہو گئی ہے۔ ہفتہ وار مہنگائی رپورٹ کے مطابق ایک ہفتے کے دوران ٹماٹر فی کلو 5 روپے 42 پیسے مہنگے ہوگئے ہیں جب کہ چینی کی قیمت میں فی کلو ایک روپے 32 پیسے کا اضافہ ہوا ہے۔

 

مہنگائی رپورٹ کے تحت گزشتہ ایک ہفتے کے دوران انڈوں کی فی درجن قیمت میں 5 روہے 3 پیسے بڑھ گئی ہے جب کہ دال ماش کی فی کلو قیمت میں تین روپے 47 پیسے کا اضافہ ہوا ہے۔ وفاقی ادارہ شماریات کے مطابق رواں ہفتے لکڑی کی فی من قیمت میں 3 روپے 43 پیسے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

 

ہفتہ وار مہنگائی رپورٹ کے مطابق رواں ہفتے صرف 5 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی ہوئی ہے۔ اعداد و شمار کے تحت گزشتہ ایک ہفتے کے دوران آلو 2 روپے 5 پیسے فی کلو سستے ہوئے ہیں جب کہ پیاز، گڑ اور آٹے کی قیمتوں میں بھی معمولی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔

 

گزشتہ ایک ہفتے کے دوران چاول اور کوکنگ آئل سمیت 23 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں استحکام پایا گیا ہے۔

 

تبصرے بند ہیں.