اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ شوکت ترین، ڈاکٹر اشفاق حسین ،ایف بی آر کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں ۔ ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم کا آغاز کرنے میں کامیاب ہوئے ہیں۔
اسلام آباد میں ایف بی آر کے ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم کے افتتاح کے بعد تقریب سے خطاب کرتے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ لگتا تھا شاید ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم ہماری حکومت میں مکمل نہ ہو لیکن ہم کامیاب ہوگئے۔ ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم سے سیمنٹ اور فرٹیلائزر پر بڑا فائدہ ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں لوگ ٹیکس نہیں دیتے ۔ پاکستان کا سب سے بڑا مسئلہ ہے کہ ملک چلانے کے لیے پیسہ نہیں ہے۔ جب پیسا نہیں ہوگا تو مشکلات تو ہوں گی۔ہمارے ہاں ٹیکس کلچر بنا ہی نہیں تھا۔ اخراجات زیادہ اور آمدن کم ہے۔
انہوں نے کہا کہ ترقی یافتہ ملکوں میں کوئی سوچ بھی نہیں سکتا کہ ٹیکس چوری کرے۔ اشرافیہ نے ملک میں کبھی ٹیکس سسٹم مضبوط ہی نہیں ہونے دیا۔ سابق حکمرانوں نے ٹیکس کلچر کو فروغ نہیں دیا۔ سابق حکمرانوں نے بیرون ملک دوروں پر بہت خرچ کیا۔ افسوس کی بات ہے کہ پاکستان میں لوگ ٹیکس چوری کو جرم نہیں سمجھتے ۔
تبصرے بند ہیں.