اسلام آباد: سعودی سفیر نواف سعید المالکی نے یقین دہانی کرائی ہے کہ عنقریب پاکستانی زائرین سے عمرہ کی پابندی اٹھا لی جائے گی۔
وفاقی وزیر مذہبی امور پیر نور الحق قادری کی سعودی سفیر نواف سعید المالکی سے ملاقات ہوئی ہے، ملاقات کے دوران پاکستانی عمرہ زائرین کیلئے فلائٹ آپریشن بحال کرنے اور پابندی والے ممالک سے نکالنے پر بات چیت کی گئی۔ دونوں رہنماوں کے مابین پاک سعودی تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
پیر نور الحق قادری کا کہنا تھا کہ حکومت پاکستان اور وزارت مذہبی امور سعودی ہدایات اورایس او پیز پر موثر عمل درآمد کیلئے ہر ممکن تعاون کرے گی۔
سعودی سفیر نواف سعید المالکی کا کہنا تھا کہ عمرہ آپریشن بحالی کا مطالبہ جلد از جلد سعودی حکام کے سامنے پیش کیا جائے گا۔ عنقریب پاکستانی زائرین سے عمرہ کی پابندی اٹھا لی جائے گی۔
خیال رہے کہ رواں سال اگست کے مہینے میں ترجمان سعودی وزارت حج و عمرہ نے اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ کورونا وائرس کے بڑھتے پھیلاؤ کے باعث پاکستان سمیت 13 ممالک کے عمرہ زائرین پر پابندی برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، صرف پابندی سے استثنی ممالک کے عمرہ زائرین کو ہی سعودی عرب میں داخلے کی اجازت ہوگی۔
ترجمان سعودی وزارت حج و عمرہ کے مطابق پابندی برقرار رکھنے کا فیصلہ سعودی وزارت صحت اور جنرل اتھارٹی آف سول ایوی ایشن کی ہدایت پر کیا گیا جب کہ سفری پابندی والے ممالک میں بھارت، پاکستان، انڈونیشیا، مصر، ترکی، ارجنٹائن، برازیل، جنوبی افریقا، یو اے ای، ایتھوپیا، ویت نام، افغانستان اور لبنان کے عمرہ زائرین شامل ہیں۔
تبصرے بند ہیں.