آئی ایم ایف سے مذاکرات ناکام نہیں ہوئے، ترجمان وزارت خزانہ

173

اسلام آباد: ترجمان وزارت خزانہ نے آئی ایم ایف سے مذاکرات ناکام ہونے کی خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا سیکرٹری خزانہ اور ان کی ٹیم واشنگٹن میں موجود ہے اور پیر سے بات چیت دوبارہ شروع ہو گی۔

 

ترجمان وزارت خزانہ مزمل اسلم نے عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کے ساتھ مذاکرات ناکام ہونے کی خبروں پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ آئی ایم ایف کے ساتھ مذاکرات کا دوبارہ آغاز ہو گا اور مذاکرات ناکام ہونے کی خبروں میں صداقت نہیں جبکہ مذاکرات بلا تعطل پیر سے دوبارہ شروع ہوں گے جبکہ مذاکرات ختم ہونے کی کوئی حتمی تاریخ نہیں۔

 

مزمل اسلم نے مزید کہا کہ آج ڈالر 170 کا ہے اور پٹرول 138 روپے لٹر ہے اور پہلے حکومت ٹیکسز بہت زیادہ لے رہی تھی آج کم لے رہی ہے اور کل غلط افواہیں پھیلائی گئیکہ اوگرا نے وزیراعظم کو جو قیمت بڑھانے کا کہا وہی قیمت بڑھائی گئی جبکہ ساری قیمتیں عالمی مارکیٹ کے تناظر میں بڑھ رہی ہیں 

 

انہوں نے کہا پٹرول 85 فیصد باہر سے منگوایا جاتا ہے اور حکومت نے اس پر ٹیکسز کم کیے جبکہ پاکستان میں پیڑولیم مصنوعات کی قیمتیں خطے سے کم ہیں۔ 

 

ترجمان وزارت خزانہ کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت کے پاس 12 لاکھ ٹن گندم موجود ہے جبکہ عام آدمی کو آٹے میں 20 روپے کا ریلیف مل جائے تو بڑی بات ہو گی جبکہ گندم کےمعاملے میں سندھ حکومت نے فیصلے نہیں لئے۔

 

خیال رہے کہ اس سے پہلے خبر آئی کہ پاکستان کی جانب سے آئی ایم ایف کی سخت شرائط (بجلی ٹیرف میں 1.39 روپے فی یونٹ، پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 10.49 سے 12.44روپے تک اضافہ) ماننے کے باوجود آئی ایم ایف اسٹاف اب بھی میکرو اکنامک فریم ورک سے مطمئن نہیں ہے۔

 

 آئی ایم ایف اور پاکستان اقتصادی اور مالیاتی پالیسیوں کی یادداشت (ایم ای ایف پی) پر مفاہمت میں ناکام رہے ہیں اور اب تک 6 ارب ڈالرز کی توسیعی فنڈ سہولت (ای ایف ایف) کے تحت اسٹاف لیول معاہدہ نہیں ہو سکا۔

 

سیکرٹری خزانہ آئندہ چند روز تک واشنگٹن ڈی سی میں قیام کریں گے تاکہ مفاہمت اور ایم ای ایف پی پر اتفاق رائے کے لیے آخری کوشش کر سکیں اور ای ایف ایف پروگرام کے تحت 1 ارب ڈالر منظوری کی راہ ہموار ہو۔

 

گزشتہ روز وزیر خزانہ شوکت ترین نے واشنگٹن میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے معاشی اصلاحات پر بہت کوششیں کی۔ ہم نے بہت سے شعبوں میں گروتھ کا ہدف حاصل کیا اور آئی ایم ایف کو تفصیلات دے دی ہیں۔

تبصرے بند ہیں.