پی سی بی کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان کے مستقبل کا فیصلہ آئندہ 2 ماہ میں ہو گا

159

لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) وسیم خان کے مستقبل کا فیصلہ آئندہ 2 ماہ میں ہو گا جبکہ ان کے معاہدے کی مدت اگلے برس کے اوائل میں ختم ہو گی۔ 
ذرائع کے مطابق نو منتخب چیئرمین پی سی بی رمیز راجہ اور وسیم خان کے درمیان آئندہ کے لائحہ عمل پر بات چیت ہوئی ہے جبکہ رمیز راجہ نے وسیم خان سے متعلق فیصلے کیلئے 2 ماہ کا وقت طلب کیا ہے۔ وسیم خان کے پی سی بی سے معاہدے کی مدت اگلے برس کے اوائل میں ختم ہو گی۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز پی سی بی کے گورننگ بورڈ اجلاس میں سابق کرکٹر رمیز راجہ کو بلا مقابلہ پی سی بی کا چیئرمین منتخب کیا گیا جس کے بعد انہوں نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے مستقبل کے منصوبوں کا اعلان کرنے کیساتھ ساتھ ٹی 20 ورلڈکپ کیلئے قومی ٹیم کے بیٹنگ اور باؤلنگ کوچ کا اعلان کیا۔ 
ان کا کہنا تھا کہ میں فیصلے لوں گا، یہ مشکل کام ہے کیونکہ ہر ایک کی رائے ہوتی ہے لیکن میں چاہوں گا کہ زیادہ باتیں نہ کروں بلکہ ٹیم کی کارکردگی بولے اور اتنا اچھا کھیلے کہ چیئرمین کے بات کرنے کی نوبت ہی نہ آئے، میں اس پوزیشن پر ہوں، تو فیصلے لوں گا۔ 
رمیز راجہ نے کہا کہ میں ہر کھلاڑی کو یہ پیغام دیتا ہوں کہ وہ اپنی ذمہ داری سمجھے اور اپنا کردار ادا کرے، ہم بھی انہیں تھوڑی لچک دیں گے، کھلاڑی اپنے ڈر سے باہر نکلیں اور کارکردگی دکھائیں، مستقبل کے بارے میں مت سوچیں۔ 

تبصرے بند ہیں.