انڈونیشیا کی جیل میں آتشزدگی، 40 قیدی جھلس کر ہلاک، درجنوں زخمی

172

جکارتہ: انڈونیشیا میں ایک افسوسناک واقعہ سامنے آیا ہے جہاں ایک جیل میں آتشزدگی سے 40 قیدی ہلاک جبکہ درجنوں زخمی ہو گئے۔ حکام نے واقعہ کی تحقیقات کیلئے اعلیٰ سطح کمیٹی قائم کر دی ہے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق آتشزدگی کا یہ واقعہ انڈونیشیا کی ریاست بنٹین میں پیش آیا۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی فائر بریگیڈ، ریسکیو کی ٹیمیں موقع پر پہنچیں اور آگ بجھانے کا عمل شروع کیا۔ ریسکیو حکام کے مطابق جیل میں پیش آنے والے اس افسوسناک حادثے میں 40 قیدی جھلس کر ہلاک جبکہ درجنوں زخمی ہو چکے ہیں۔

امدادی ٹیموں نے ایمبیولینسوں کے ذریعے ہلاک قیدیوں کی لاشوں جبکہ زخمیوں کو مختلف ہسپتالوں میں پہنچایا۔ صورتحال کے پیش نظر ایمرجنسی نافذ کرتے ہوئے چھٹی پر گئے طبی عملے کو واپس بلا لیا گیا ہے۔

جیل حکام کا کہنا ہے کہ آتشزدگی کا یہ واقعہ گزشتہ رات تقریباً 1 سے دو بجے کے درمیان میں پیش آیا۔ اس وقت سارے قیدی اور عملہ سو رہا تھا، اس لئے کسی کو اندازہ نہیں ہو سکا کہ آگ لگنے کی وجہ کیا تھی، فائر بریگیڈز کی گاڑیاں ابھی تک آگ بجھانے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔

جیل کے ایک اہلکار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر میڈیا کو بتایا جیل کے جس حصے میں آگ لگی وہاں منشیات کے جرم میں ملوٖث قیدیوں کو رکھا گیا تھا۔ اس نے انکشاف کیا کہ آتشزدگی کے وقت جیل بیرک میں گنجائش سے زیادہ 122 قیدی موجود تھے۔

خیال رہے کہ انڈونیشیا کی تینگی رانگ جیل کا شمار دنیا کی بدترین جیلوں میں ہوتا ہے۔ انڈونیشیا کی یہ جیل گنجائش سے زیادہ قیدیوں کو رکھنے میں بدنام ہے۔ ایک اندازے کے مطابق 600 قیدیوں کی گنجائش کی اس جیل میں 2 ہزار سے زیادہ قیدی رکھے گئے ہیں۔

تبصرے بند ہیں.