لاہور: صوبائی دارالحکومت لاہور میں شاپنگ مالز یا مارکیٹوں میں خریداروں کا داخلہ ویکسی نیشن سے مشروط کر دیا گیا ہے۔ کسی بھی دکان، مارکیٹ یا شاپنگ مال پر آنے والے شہریوں کی ویکسی نیشن چیک کی جائے گی، ویکسی نیشن نہ کرانے والوں کو گرفتار کر لیا جائے گا۔
تفصیل کے مطابق لاہور کی انتظامیہ نے کورونا وائرس کی روک تھام کیلئے ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کرانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ اس اہم معاملے پر کمشنر لاہور کے زیر صدارت اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں عالمی وبا کی وبا کی صورتحال اور اس کے تدارک کیلئے اٹھائے گئے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔
اس اہم اجلاس میں کمشنر لاہور، ڈی سی اور سی سی پی او سمیت دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ اجلاس سے خطاب میں کمشنر لاہور کا کہنا تھا کہ ملک کو کورونا کی چوتھی لہر کا سامنا ہے، عوام کی غفلت سے وائرس تیزی سے پھیل رہا ہے۔
اجلاس میں ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کے حوالے سے اہم فیصلے کیے گئے۔ ویکسی نیشن نہ کرانے والے سرکاری ملازمین پر پیڈا ایکٹ لگانے اور آج سے کورونا ایس اوپیز کی خلاف ورزی پر سیل کی گئی دکانوں کو 7 دنوں سے پہلے نہ کھولنے کا فیصلہ کیا گیا۔
یکم ستمبر سے انتظامیہ اور پولیس فلیگ مارچ کے دوران ہر جگہ چیکنگ کرے گی۔ پنجاب بھر میں ویکسین نہ لگوانے والوں کو آج سے پٹرول نہیں ملے گا۔ ٹرانسپورٹ میں جگہ اور ہوٹل میں کھانا بھی نہیں ملے گا۔
آج سے ملک بھر میں 17 سال کے نوجوانوں کو بھی کورونا ویکسین لگے گی۔ ریسٹورنٹس میں سروسز کی فراہمی بند کی جائے گی۔
تبصرے بند ہیں.