امریکی ریاست ٹنیسی میں شدید بارشیں، طوفان اور سیلاب، 22 افراد ہلاک، پچاس سے زائد لاپتا

144

واشنگٹن: امریکی ریاست ٹنیسی میں شدید بارشوں، طوفان اور سیلاب کے باعث 22 افراد ہلاک جبکہ پچاس سے زائد لاپتا ہو چکے ہیں۔ حکام نے خطرے کے پیش نظر نیویارک، نیو جرسی اور شمالی کیرولینا میں بھی ہنگامی حالت نافذ کر دی ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق حکام نے عوام کو پہلے ہی بگڑتی ہوئی موسمی صورتحال سے آگاہ کرتے ہوئے متنبہ کیا تھا کہ وہ نشیبی علاقوں سے نکل جائیں جبکہ دیگر کو گھروں سے نہ نکلنے کی ہدایت کی گئی تھی۔

ریاست ٹنیسی میں شدید بارشوں کے باعث آنے والا سیلاب اس قدر خطرناک تھا کہ اس نے درجنوں گھروں، عمارتوں، فصلوں اور گاڑیوں کو تباہ وبرباد کردیا۔

ریسکیو ٹیموں نے سیلابی صورتحال کے پیش نظر متاثرہ علاقوں میں پھنسے لوگوں کو نکالنے کیلئے امدادی کارروائیاں شروع کیں اور بہت سے شہریوں کو محفوظ مقامات تک پہنچایا۔ امدادی کارکنوں نے کشتیوں کے ذریعے اپنا سرچ آپریشن جاری رکھا تاہم بتایا جا رہا ہے کہ 50 سے زائد افراد اب بھی لاپتا ہیں جبکہ 22 شہری اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔

نیویارک ٹائمز کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں جڑواں بچیاں بھی ہیں جنھیں ان کا والد گود میں اٹھائے محفوظ مقام کی تلاش میں تھا کہ اچانک سیلابی ریلا انھیں بہا لے گیا۔

امدادی کارکنوں نے میڈیا کو بتایا کہ سیلاب نے دیکھتے ہی دیکھتے سب کچھ ملیا میٹ کر دیا۔ ہم نے لوگوں کو بچانے کی بہت کوشش کی لیکن کامیاب نہ ہو سکے۔ مرنے والوں کی لاشیں ہسپتالوں میں منتقل کر دی گئی ہیں جبکہ لاپتا افراد کی تلاش کا کام اب بھی جاری ہے۔

تبصرے بند ہیں.