کنگسٹن ٹیسٹ: دوسرے دن کا کھیل بارش کی نذر، کھلاڑی میدان میں نہ اتر سکے

189

کنگسٹن: پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان کھیلے جا رہے کنگسٹن ٹیسٹ میچ کے دوسرے روز کا کھیل بارش کی وجہ سے شروع ہی نہ ہو سکا۔ دن بھر وقفے وقفے سے بارش ہوتی رہی۔ پاکستانی ٹیم میچ نے پہلے دن کھیل کے اختتام پر 4 وکٹوں کے نقصان پر 212 رنز بنائے تھے۔

تین وکٹیں جلد گر جانے کے بعد کپتان بابر اعظم اور فواد عالم نے اننگز کو سنبھالا دیا اور 158 رنز کی شراکت قائم کر کے ٹیم کی پوزیشن کو بہتر کر دیا ہے۔

فواد عالم 76 رنز بنا کر ریٹائرڈ ہرٹ جبکہ بابر اعظم 75 رنز بنا کر کیمار روچ کا نشانہ بن گئے۔ کیمار روچ نے تین کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ سبائنا پارک، کنگسٹن میں شروع ہونے والے سیریز کے دوسرے اور آخری ٹیسٹ میچ میں ویسٹ انڈیز کے کپتان کریگ براتھویٹ نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔

پاکستان کی اننگز کا آغاز انتہائی مایوس کن تھا اور پہلی تین وکٹیں 2 کے مجموعی سکور پر گر گئیں، عابد علی ایک، اظہر علی صفر اور عمران بٹ ایک رن بناکر پویلین واپس لوٹ گئے، اس موقع پر بابر اعظم اور فواد عالم نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کی اور چوتھی وکٹ میں 158 رنز کی شراکت قائم کر کے ٹیم کو مشکلات سے نکالا،

فواد عالم ٹانگ میں تکلیف کے باعث بیٹنگ جاری نہ رکھ سکے اور 76 رنز بنانے کے بعد ریٹائرڈ ہرٹ ہو گئے۔ 168 کے مجموعی سکور پر پاکستان کو چوتھا نقصان اٹھانا پڑا جب بابر اعظم 75 رنز بنانے کے بعد کیمار روچ کی گیند پر جیسن ہولڈر کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہو گئے۔

اس کے بعد محمد رضوان اور فہیم اشرف نے مزید کوئی نقصان نہ ہونے دیا اور پہلے روز کھیل کے اختتام پر ٹیم کا سکور 212 تک پہنچا دیا۔ محمد رضوان 22 اور فہیم اشرف 23 رنز کے ساتھ ناٹ آئوٹ ہیں۔ کیمار روچ نے شاندار بائولنگ کا مظاہرہ کیا اور 3 وکٹیں حاصل کیں۔

تبصرے بند ہیں.