پاکستان اور افغانستان کے درمیان دوطرفہ تجارت کے حجم میں 31.46 فیصد کمی

139

اسلام آباد: پاکستان اور افغانستان کے درمیان دو طرفہ تجارت کے حجم میں جاری مالی سال کے پہلے مہینہ میں گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 31.46 فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ جولائی 2021ء میں افغانستان کو پاکستانی برآمدات میں کمی جبکہ افغانستان سے درآمدات میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

سٹیٹ بینک کی جانب سے اس حوالہ سے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق جاری مالی سال کے پہلے مہینہ میں افغانستان کو برآمدات سے ملک کو 38.55 ملین ڈالر کا زرمبادلہ حاصل ہوا جو گزشتہ سال جولائی کے مقابلہ میں 62.80 فیصد کم ہے۔ گزشتہ سال جولائی میں افغانستان کو برآمدات سے ملک کو 62.77 ملین ڈالر کا زرمبادلہ حاصل ہوا تھا۔

مالی سال 2021ء میں افغانستان کو مجموعی طور پر 983 ملین ڈالر کی برآمدات ریکارڈ کی گئی تھیں۔ اعدادوشمار کے مطابق مالی سال کے پہلے مہینہ میں افغانستان سے درآمدات میں گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

جولائی 2021ء میں افغانستان سے درآمدات پر 12.40 ملین ڈالر کا زرمبادلہ صرف ہوا جو گزشتہ سال جولائی کے مقابلہ میں 194.23 فیصد زیادہ ہے۔

جولائی 2020ء میں افغانستان سے 4.21 ملین ڈالر کی درآمدات ریکارڈ کی گئی تھیں۔ مالی سال 2021ء میں افغانستان سے مجموعی درآمدات کا حجم 179.22 ملین ڈالر ریکارڈ کیا گیا۔

تبصرے بند ہیں.