شہباز شریف کا جوہر ٹاؤن دھماکے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ کا اظہار

144

لاہور: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہباز شریف کی لاہور میں دھماکے کی شدید مذمت ، کہا کہ دھماکے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر بے حد دکھ اور افسوس ہے ۔
اپنے بیان میں شہباز شریف نے کہا کہ پنجاب کے دارلحکومت میں یہ واقعہ آنکھیں کھولنے کے لئے کافی ہے ۔ کب سے کہہ رہا ہوں کہ امن وامان کی بگڑتی صورتحال توجہ کا تقاضا کر رہی ہے ۔
انہوں نے کہا کہ اہم قومی مسائل کو پس پشت ڈالنے سے کام نہیں چلے گا ، سرد مہری اور معاملات ٹالنے کی قیمت ملک اور قوم کو ادا کرنا پڑ رہی ہے ۔
صدر ن لیگ نے کہا کہ لہو کی فصل پہلے ہی کاٹ چکے ہیں ، اس عفریت کا دوبارہ زندہ ہونا نیک شگون نہیں ہے ۔ شہباز شریف کی شہداء کے درجات کی بلندی اور اہل خانہ کے صبر جمیل کی دعا ، قائد حزب اختلاف نے زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا بھی کی ۔
واضح رہے کہ جوہر ٹاون کے علاقے میں دھماکے کے باعث 2 افراد جاں بحق جبکہ متعدد افراد زخمی ہو گئے جن کو طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ۔
ابتدائی معلومات کے مطابق دھماکہ گیس پائپ لائن پھٹنے سے ہوا ۔ دھماکہ کے باعث گھروں کے شیشے ٹوٹ گئے اور پاس کھڑی گاڑیوں کو بھی نقصان ہوا ۔
پولیس اور ریسکیو ٹیمیں جائے حادثہ پر پہنچ گئیں ہیں اور ریسکیو آپریشن شروع کر دیا ہے ۔
ادھر ، وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے جوہر ٹاون میں دھماکے کا نوٹس لیتے ہوئے انسپکٹر جنرل پولیس سے رپورٹ طلب کرتے ہوئے واقعہ کی تحقیقات کا حکم دیدیا ۔
عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ زخمی افراد کو علاج معالجے کی بہترین سہولتیں فراہم کی جائیں ۔ وزیراعلیٰ نے جناح ہسپتال اور دیگر ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کرنے کی ہدایت بھی کی ۔ انہوں نے کہا کہ زخمیوں کے علاج معالجے کے لئے تمام ممکنہ اقدامات کئے جائیں ۔
عثمان بزدار کی ریسکیو 1122 اور امدادی سرگرمیوں سے متعلقہ اداروں کو امدادی سرگرمیوں تیز کرنے کی ہدایت ، وزیراعلیٰ نے ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی کو موقع پر پہنچے کی ہدایت بھی کر دی ۔
وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے جوہر ٹاؤن لاہور دھماکے کا نوٹس لیتے ہوئے چیف سیکرٹری اور آئی جی پنجاب سے رپورٹ طلب کرلی ہے ۔
بدھ کو وزارت داخلہ سے جاری بیان کے مطابق وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے دھماکے سے زخمی ہونے والوں کی جلد صحت یابی کے لئے دعا کی ۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ دھماکے کی نوعیت کا پتہ لگایا جارہا ہے ۔ وفاقی ادارے تحقیقات میں پنجاب حکومت کی معاونت کر رہے ہیں ۔

تبصرے بند ہیں.