اسرائیلی وزیراعظم نے ایران کو دنیا کا سب سے بڑا خطرہ قرار دیدیا

152

تل ابیب: اسرائیلی وزیراعظم نیفتالی بینیٹ نے ایران اور اس کے جوہری پروگرام کو دنیا کیلئے سب سے بڑا خطرہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہم سب کو جاگنا ہوگا، ایسا نہ ہو کہ بہت دیر ہو جائے۔

وزیراعظم نیفتالی بینیٹ کی جانب سے یہ بیان ایک ایسے موقعے پر سامنے آیا ہے جب عالمی طاقتیں سر جوڑ کر بیٹھی ہیں کہ ایران کو دوبارہ ایٹمی معاہدے میں واپس لایا جائے، اس اہم معاملے کے حل کیلئے ان دنوں مذاکرات کا سلسلہ جاری ہے۔ خیال رہے کہ سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اس اہم معاہدے سے اپنے ملک کو نکال لیا تھا۔

اپنے ایک بیان میں نفتالی بینیٹ نے ایران کو ‘قاتل‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ ایٹمی ہتھیار بنانے کی بھرپور کوششوں میں مصروف ہے۔

ادھر اسرائیلی ترجمان وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ نئے ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کی انتخابات میں کامیابی پر دنیا کو تشویش ہونی چاہیے کیونکہ اب تک جتنے بھی ایرانی صدر آئے ان میں سب سے زیادہ بنیاد پرست ہیں، ان سے خطرہ ہے کہ وہ اپنے ایٹمی پروگرام کو مزید وسعت دیں گے۔

خیال رہے کہ 2015ء میں مغربی ممالک اور ایران کے درمیان ایک ایٹمی معاہدہ ہوا تھا جس کے بعد ایران پر عائد سخت پابندیوں کو ختم کر دیا گیا تھا۔

تاہم امریکا کے سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے 2018ء میں اس معاہدے سے خود کو علیحدہ کر لیا تھا۔ انہوں نے الزام عائد کیا تھا کہ ایران کی جانب سے اس اہم معاہدے کی مسلسل خلاف ورزی کی جار ہی ہے لیکن دنیا اس سے صرف نظر کر رہی ہے۔ انہوں نے ایران کیساتھ معاہدہ ختم کرتے ہی اس پر دوبارہ سخت ترین پابندیاں لاگو کر دی تھیں۔

اب نئے امریکی صدر جوزف بائیڈن اپنے پیشرو کے برعکس دوبارہ اس معاہدے میں شامل ہونے کا راستہ تلاش کر رہے ہیں۔

تبصرے بند ہیں.