شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی جدوجہد، عظیم قربانی اور فلسفہ ہمیشہ زندہ رہے گا: بلاول

157

کراچی: چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کا شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے یومِ پیدائش پر پیغام ، کہا سال گذریں یا صدیاں ، شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی طویل جدوجہد ، عظیم قربانی اور انسان دوست فلسفہ ہمیشہ لازوال رہے گا ۔

اپنے پیغام میں بلاول نے کہا کہ اسلامی دنیا کی پہلی منتخب وزیراعظم شہید محترمہ بینظیر بھٹو کو ان کی 68 ویں سالگرہ پر خراج عقیدت پیش کرتا ہوں ۔ انہوں نے کہا کہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی جدوجہد ، قربانی اور فلسفہ کی بدولت پاکستانی عوام کی حتمی فتح اب قریب ہے ۔

چیئرمین پی پی پی نے کہا کہ آج پاکستان میں گورننس ڈی ریل ، ادارے یرغمال اور عوام نا اہل حکمران کے رحم و کرم پر ہیں ۔ ایسے بدترین حالات میں ہر محبِ وطن پاکستانی کا دخترِ مشرق کے عوام دوست ویژن کی کمی کو محسوس کرنا فطری ردعمل ہے ۔ انہوں نے کہا کہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو ایک تحریک کا نام ہے اور عوامی تحریکیں تاریخ کی مائیں ہوتی ہیں ، نئے ادوار کو جنم دیتی ہیں ۔ بطور سیاسی رہنما شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے ملک میں عوامی سطح پر جمہوری سوچ کو پروان چڑھایا ۔ ایک منتخب وزیراعظم کی حیثیت سے شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے آئین و پارلیمان کی بالادستی کے لیے ہم آہنگی پیدا کی ۔

بلاول نے کہا کہ محترمہ نے عوام دوست طرز حکمرانی کے لیے ادارے قائم کیے اور تعلیم ، صحت و روزگار کے مواقعے جیسی بنیادی حقوق تک پسماندہ طبقات کی رسائی کو یقینی بنایا ۔ خواتین ، بچوں ، اقلیتوں اور مزدوروں کی فلاح و بہبود کے لیے قانون سازی کی اور گیم چینجر پروگرامز متعارف کرائے ۔

انہوں نے کہا کہ حکومت میں ہوں یا اپوزیشن میں ، شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے سب سے بڑھ کر ہمیشہ عوام کو امید دی ۔ عوام دشمن قوتوں کی جانب سے شہید محترمہ بینظیر بھٹو پر کیے جانے والے مظالم پر انسانیت ہمیشہ شرمندہ رہے گی ۔ وہ مظالم جو ان کے والد ، دو بھائیوں اور بے شمار ساتھیوں کو قتل کرنے اور خود انہیں پابند سلاسل بنانے سے شروع ہو کر جھوٹے مقدمات اور پروپیگنڈہ سے بھی آگے جاتے ہیں ۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو پر ظلم کے پہاڑ اس لیے توڑے گئے ، کیونکہ ظالموں کو معلوم تھا کہ ‘دخترِ مشرق’ صرف قائدِ عوام کی فکر و جدوجہد کی وارث نہیں ، وہ قائدِ اعظم کے نظریئے اور ویژن کی بھی علمبردار ہیں ۔ شہید محترمہ بینظیر بھٹو آمریت ، دہشتگردی اور انتہاپسندی کے خلاف آنے والے نسلوں کے لئے ایک امید اور ولولے کی علامت ہیں ۔

 

 

 

 

 

 

تبصرے بند ہیں.