اسلام آباد: تحریک انصاف کے رہنما اسد قیصر نے بانی پی ٹی آئی عمران خان سے جیل میں ملاقات کی درخواست اسلام آباد ہائی کورٹ میں جمع کرادی۔
سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے اپنی درخواست میں بانی پی ٹی آئی سے جیل میں ملاقات کی اجازت کی استدعا کی۔ اسد قیصر نے درخواست جمع کرانے سے پہلے اسلام آباد ہائی کورٹ میں بائیو میٹرک تصدیق کرائی۔
درخواست میں استدعا کی گئی کہ جیل حکام کو بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کیلئے رجوع کیا لیکن انہوں نے ملنے کی اجازت نہیں دی۔
بطور رکن پی ٹی آئی جیل حدود میں بانی پی ٹی آئی سے ملاقات درخواست گزار کا بنیادی حق ہے، عدالت سیاسی و قانونی مشاورت کیلئے بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کرانے کے احکامات جاری کرے۔
اسد قیصر نے اپنی درخواست میں یہ بھی استدعا کی کہ عدالت بانی پی ٹی آئی سے مشاورتی ملاقات کے دوران پرائویسی کو یقینی بنانے کے احکامات جاری کرے۔
اس موقع پر اسلام آباد ہائیکورٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اسد قیصر نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کے لیے درخواست لے کر ہائی کورٹ آیا ہوں، عوام نے ہمیں سلیکٹ کیا ہے کوشش ہوگی عوام کی توقعات پر پورا اتریں۔
اس موقع پر صحافی نے سوال کیا کہ جماعت اسلامی اور ایم ڈبلیو ایم میں سے کس پارٹی کے ساتھ اتحاد کرنے جارہے ہیں؟
اس سوال پر اسد قیصر نے جواب دیا کہہماری مشاورت چل رہی ہے پارٹیوں سے رابطے بھی چلتے رہتے ہیں حتمی فیصلہ بانی پی ٹی آئی ہی کریں گے۔
اسد قیصر نے کہا کہ ہمیں کہا گیا تھا بانی پی ٹی آئی کی سیاست ختم ہو چکی، جو خدا کرتا ہے وہی ہوتا ہے، بانی پی ٹی آئی کی سیاست ختم کرنے والے آج خود سیاست سے دستبردار ہوچکے۔
تبصرے بند ہیں.