لاہور: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے 19 مارچ بروز اتوار دن 2 بجے مینار پاکستان میں جلسہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ یہ حقیقی آزادگی کی جنگ پوری قوم کیلئے ہے اور ہمیں مل کر یہ جدوجہد کرنی ہے۔
تفصیلات کے مطابق عمران خان نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی انتخابی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اتوار کو دن 2 بجے مینار پاکستان پر جلسہ کروں گا، لاہوریو! ہمیں مل کر جدوجہد کرنی ہے ،ان چوروں کے احتساب اور حقیقی آزادی کیلئے قوم کو نکلنا ہو گا۔
ان کا کہنا تھا کہ توشہ خانہ گھڑی معاملے پر مجھ پر بے حد تنقید اور کیس بنایا گیا اور ہر طرح سے میری کردار کشی کی گئی لیکن اب توشہ خانہ کیس میں دودھ کا دودھ پانی کا پانی ہو گیا، ان چوروں کے احتساب اور حقیقی آزادی کیلئے قوم کو نکلنا ہو گا۔
عمران خان نے کہا کہ میں آج اپنے سارے پاکستانیوں کو کہنا چاہتا ہوں کہ یہ میری ذاتی جنگ نہیں، ذاتی مفادات کیلئے کوئی اپنی زندگی خطرے میں نہیں ڈالتا، سب کو پتہ ہے کہ جب بھی میں زمان پارک سے نکلتا ہوں، میری زندگی خطرے میں ہوتی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اگر میں ذاتی مفادات کیلئے آج عوام میں نکلا ہوں تو وہ کون ہے جس کی جان خطرے میں ہو اور وہ ذاتی فائدے کیلئے تحریک چلائے، کیونکہ وہ زندہ ہو گا تو فائدہ اٹھائے گا، پہلے والے تو اپنی چوری چھپانے کیلئے ملک سے باہر بھاگ جاتے تھے، میں یہ واضح کر دوں کہ یہ جنگ پاکستانی قوم کیلئے لڑ رہا ہوں۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ آج ہمارا ملک تباہی کے دہانے پر کھڑا ہے، میں سب کو دعوت دیتا ہوں کہ ہمارے ساتھ اس جہاد میں شرکت کریں، یہ حقیقی آزادی کی جنگ ہے، حقیقی آزادی حقیقی جمہوریت سے آتی ہے اور حقیقی جمہوریت انصاف سے آتی ہے، قانون کی حکمرانی اور بالادستی سے آتی ہے، یہ آپ سب کی جنگ ہے۔
تبصرے بند ہیں.