عمران خان ہیلی کاپٹر کے ذریعے راولپنڈی پہنچیں گے

36

لاہور: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان ہیلی کاپٹر کے ذریعے راولپنڈی پہنچیں گے اور جلسے سے خطاب کریں گے۔ 
تفصیلات کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے پارٹی رہنماؤں سے ٹیلیفونک رابطے کئے اور 26 نومبر کو راولپنڈی میں جلسے کے معاملے پر تیاریوں کے متعلق آگاہی حاصل کی۔ 
ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹیلیفونک رابطوں میں عمران خان کی روانگی کے معاملات پر مشاورت کی گئی اور چیئرمین پی ٹی آئی کے بذریعہ ہیلی کاپٹر راولپنڈی پہنچنے پر اتفاق کیا گیا۔
ذرائع نے بتایا کہ اس بات کا فیصلہ بھی 26 نومبر کو ہی کیا جائے گا کہ راولپنڈی میں کتنی دیر قیام کیا جائے جبکہ پارٹی رہنماؤں کو قافلوں کی سیکیورٹی کیلئے فول پروف انتظامات کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔ 
ذرائع کا کہنا ہے کہ راولپنڈی ڈویژن کے صوبائی وزراءخیمہ بستی میں قافلوں کی میزبانی کے ذمہ دار ہوں گے جبکہ پی ٹی آئی رہنماؤں اور کارکنوں کو 25 نومبر تک راولپنڈی پہنچنے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔
ذرائع نے یہ بھی بتایا ہے کہ سینٹرل پنجاب سے پی ٹی آئی کے قافلوں کو 26 نومبر دوپہر ایک بجے سے پہلے راولپنڈی پہنچنے کی ہدایت دی گئی ہے۔

تبصرے بند ہیں.