سیلاب متاثرین کی بلاامتیاز امداد جاری، اب تک 66 ارب روپے تقسیم کر دئیے: وزیراعظم

21

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ سیلاب متاثرین کی مدد میں کوئی سیاست نہیں کی جا رہی ہے اور بلا امتیاز سب کی امداد ہو رہی ہے جبکہ اب تک 66 ارب روپے تقسیم کئے جا چکے ہیں۔ 
تفصیلات کے مطابق این ایف آر سی سی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ سیلاب متاثرین کی مدد میں ہمیں سیاست سے پرہیز کرنا چاہئے، نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے سیلاب متاثرین میں رقوم تقسیم کی ہیں۔ 
ان کا کہنا تھا کہ سیلاب میں 1700 سے زائد افراد جاں بحق ہوئے ہیں جبکہ سینکڑوں زخمی ہیں جن کی مالی امداد کی جا رہی ہے اور اب تک مجموعی طور پر 66 ارب روپے تقسیم ئے جا چکے ہیں۔ 
وزیراعظم نے بتایا کہ بیرون ملک سے آنے والی امداد این ڈی ایم اے کے ذریعے تقسیم کی گئی اور 70 ارب روپے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت تقسیم ہونے ہیں جبکہ سیلاب سے جاں بحق افراد کے لواحقین کو 10 لاکھ روپے فی کس دئیے جا رہے ہیں، یہ رقم تمام متاثرہ خاندانوں تک پہنچائی جا رہی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ سیلاب متاثرین کو ضرورت کی تمام اشیاءفراہم کی گئیں اور شفاف انداز سے رقوم اور امداد تقسیم کر رہے ہیں، سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں اب بھی پانی کھڑا ہے، جس سے بیماریاں پھیل رہی ہیں۔
وزیراعظم نے بتایا کہ سیلاب کے بعد گندم کی پیداوار طلب سے کم ہونے کا خدشہ ہے اور اس بات کے پیش نظر ہی گندم کی طلب کو پورا کرنے کیلئے اقدامات کر رہے ہیں۔ این ڈی ایم اے اچھی کوالٹی کا بیج پروکیور کر رہا ہے، آئندہ فصل کیلئے کسانوں کو اعلیٰ معیار کا بیج دیا جائے گا۔

تبصرے بند ہیں.