اسحاق ڈار کو اشتہاری قرار دینے کیخلاف کیس سماعت کیلئے مقرر

72

اسلام آباد: سپریم کورٹ آف پاکستان میں سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کو اشتہاری قرار دینے کے خلاف کیس سماعت کیلئے مقرر کر دیا گیا ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق اسحاق ڈار کو اشتہاری قرار دینے کے خلاف کیس کی سماعت سپریم کورٹ کے جسٹس اعجاز الاحسن کی سربراہی میں دو رکنی بینچ 21 ستمبر کو کرے گا۔
ذرائع کے مطابق جسٹس مظاہر علی اکبر نقوی اس 2 رکنی بینچ کا حصہ ہوں گے جبکہ سپریم کورٹ نے اس سلسلے میں فریقین کو نوٹسز بھی جاری کر دیئے ہیں۔
واضح رہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنماءاور سابق وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے اشتہاری قرار دینے اور اثاثے منجمد کرنے کیخلاف درخواست دائر کر رکھی ہے۔
علاوہ ازیں سپریم کورٹ میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما خسرو بختیار اور ہاشم جواں بخت کی نااہلی کا مقدمہ بھی سماعت کیلئے مقرر کر دیا گیا ہے۔
جسٹس اعجاز الاحسن کی سربراہی میں تین رکنی بینچ 21 ستمبر کو اس مقدمے کی سماعت کرے گا جبکہ جسٹس مظاہر اکبر نقوی اور جسٹس عائشہ ملک بھی اس بینچ کا حصہ ہوں گے۔ 

تبصرے بند ہیں.