لاہور: پاکستان کے ٹیسٹ کرکٹر کامران اکمل کا قربانی کیلئے لایا گیا ایک بکرا گھر کے باہر سے چوری ہو گیا جس کی شکایت ہاؤسنگ اتھارٹی کی سیکیورٹی کو کر دی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق کامران اکمل کے والد نے بتایا کہ وہ عیدالاضحی کے موقع پر سنت ابراہیمی کی ادائیگی کیلئے 6 بکرے لائے تھے تاہم رات گئے ایک بکرا چوری ہو گیا۔
کامران اکمل کے والد کا کہنا تھا کہ بکروں کی دیکھ بھال کیلئے موجود ملازم رات کو سو گیا اور تقریباً 3 بجے کے قریب چور تمام بکروں میں سے سب سے بہترین بکرا چرا کر لے گئے جو 90 ہزار روپے میں خریدا تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ گھر کے باہر سے بکرے کی چوری سے متعلق نجی ہاؤسنگ اتھارٹی کی سیکیورٹی کو آگاہ کر دیا ہے جنہوں نے اپنی بھرپور کوشش کرتے ہوئے چوروں کو پکڑنے اور بکرا بازیاب کرانے کی یقین دہانی کرائی ہے۔
واضح رہے کہ ملک بھر میں عیدالاضحی 10 جولائی بروز اتوار کو مذہبی جوش و خروش کے ساتھ منائی جائے گی اور مسلمان سنت ابراہیمی ادا کریں گے۔
تبصرے بند ہیں.