اسلام آباد: سابق وفاقی وزیر خزانہ شوکت ترین نے کہا کہ 10 فیصد ٹیکس عائد ہونے سے انڈسٹریز بند ہونا شروع ہوجائیں گی اور مہنگائی کا طوفان آئے گا۔
تفصیلات کے مطابق حکومت کی جانب سے سپر ٹیکس عائد کئے جانے کے معاملے پر گفتگو کرتے ہوئے شوکت ترین نے کہا کہ اس اقدام سے ناصرف انڈسٹریز بند ہونا شروع ہو جائیں گی بلکہ مہنگائی کا خوفناک طوفان آئے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ غریبوں کی باتیں کرتے ہیں لیکن خیال نہیں کرتے، اگر جلد انتخابات نہ کرائے گئے تو پاکستان کا حال بھی سری لنکا جیسا ہو جائے گا۔
دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اسد عمر نے بجٹ کو عدالت میں چیلنج کرنے کا اشارہ دیتے ہوئے کہا کہ اگر سینیٹ سفارشات پیش نہیں کرے گی تو یہ غیر قانونی بجٹ ہو گا، ملک کی تاریخ میں پہلی بار کسی نے اسمبلی سے باہر بیٹھ کر بجٹ پیش کیا۔
واضح رہے کہ وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے ایک ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے بتایا تھا کہ ماہانہ ایک لاکھ سے 3 لاکھ تنخواہ پر 12 فیصد ٹیکس ہو گا جبکہ سپر ٹیکس بینک اور شوگر انڈسٹری پر بھی ہو گا اور یہ ون ٹائم ہو گا۔
تبصرے بند ہیں.