اسلام آباد:وزارت مذہبی امور کی طرف سے حج فلائٹ آپریشن کا اعلان تاحال نہ ہو سکا جس کی وجہ سے عازمین حج میں تشویش بڑھتی جا رہی ہے ،وزارت مذہبی امور حج فلائٹ آپریشن سے متعلق کسی فیصلے پر نہیں پہنچ سکی ہے اور پالیسی کا اعلان آخری وقت پر موخر کردیا گیا ہے۔
وزارت مذہبی امور کی طرف سے بلائے گئے اجلاس میں تاحال حج فلائٹ آپریشن کا اعلان نہ کیا جا سکا اور تمام ائیر لائنز کو فلائٹ آپریشن کا اعلان کرنے سے بھی منع کر دیا گیا ہے ،ذرائع نے بتایا کہ حج فلائٹ آپریشن کو بھی 8 شہروں کے بجائے 5 شہروں تک محدود کردیا گیا ہے جب کہ حج فلائٹ آپریشن جس کا آغاز کل 31 مئی سے شروع ہونا تھا وہ بھی التوا کا شکار ہوگیا ہے اور اب حج فلائٹ آپریشن کا آغاز 5 سے 6 جون تک شروع ہونے کا امکان ہے۔
وزات مذہبی امور کی جانب سے حج پالیسی کا اعلان نہ ہونے کے باعث قومی ایئر لائن سمیت پی آئی اے سمیت تمام ائیرلائن کو حج فلائٹ آپریشن ترتیب دینے میں مشکلات کا سامنا ہے۔
واضح رہے کہ عازمین حج نے 31 مئی تک سعودی عرب پہنچنا تھا لیکن غیر معمولی تاخیر کے باعث اس حوالے سے شدید بدانتظامی کے خدشات ہیں۔
تبصرے بند ہیں.