اسلام آباد: عدالت نے سابق وفاقی وزیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ کی حفاظتی ضمانت منظور کرتے ہوئے قومی احتساب بیورو (نیب) کو انہیں گرفتار کرنے سے روک دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق سابق وزیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ پر نجی کمپنی کو فائدہ پہنچانے کے الزام کی درخواست پر سماعت ہوئی جس دوران درخواست گزار کے وکیل نے موقف اپنایا کہ عبد الحفیظ نے احتساب عدالت میں پیش ہونا ہے اور اس وقت دبئی میں رہائش پذیر ہیں لیکن نیب کے ساتھ مکمل تعاون کیلئے تیار ہیں۔
عدالت نے عبد الحفیظ شیخ کی 10 روز کیلئے حفاظتی ضمانت منظور کرتے ہوئے ایک لاکھ روپے کے مچلکے جمع کرانے کا حکم دیا اور کہا کہ قومی احتساب بیورو (نیب) حفیظ شیخ کو وطن واپس آنے پر گرفتار نہ کرے۔
ذرائع کے مطابق نیب حکام کا کہنا ہے کہ سابق وزیر خرانہ عبدالحفیظ شیخ کے خلاف کراچی کی احتساب عدالت میں ریفرنس دائر کر دیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ سابق وزیر پر ایک کروڑ 12 لاکھ ڈالر کا قومی خزانے کو نقصان پہنچانے کا الزام ہے جبکہ احتساب عدالت نے حفیظ شیخ کے وارنٹ گرفتاری جاری کئے تھے۔
تبصرے بند ہیں.