لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان ٹیسٹ سیریز کیلئے زیادہ سے زیادہ تماشائیوں کی سٹیڈیم آمد یقینی بنانے کی غرض سے ٹکٹوں کی قیمتوں میں نمایاں کمی کر دی ہے۔
تفصیلات کے مطابق پی سی بی کی جانب سے پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان شیڈول ٹیسٹ سیریز کے ٹکٹوں کی فروخت کا اعلان کر دیا ہے جس کا آغاز آئندہ ہفتے سے ہو گا جبکہ شائقین کے اصرار پر اس مرتبہ ٹکٹوں کی قیمتوں میں بھی نمایاں کمی کی گئی ہے۔
ٹیسٹ سیریز کیلئے کم از کم 100 روپے جبکہ زیادہ سے زیادہ 500 روپے کا ٹکٹ فروخت کیا جائے گا جبکہ ٹکٹوں کی آن لائن فروخت کا آغاز پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے اختتام کے بعد ہو گا۔ پی سی بی ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹکٹوں کی قیمتوں میں کمی کا فیصلہ زیادہ سے زیادہ شائقین کرکٹ کو سٹیڈیم تک لانا ہے کیونکہ آسٹریلین کرکٹ ٹیم 24 سال کے بعد پاکستان کا دورہ کر رہی ہے اور پی سی بی چاہتا ہے کہ شائقین کی بڑی تعداد سٹیڈیم میں براہ راست میچ دیکھے۔
واضح رہے کہ راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں 16 ہزار سے 17 ہزار تک تماشائی بیٹھ سکتے ہیں اور پی سی بی کی کوشش ہے کہ زیادہ سے زیادہ ٹکٹیں فروخت کی جائیں جبکہ ٹکٹوں کی آن لائن فروخت کا آغاز آئندہ چند دنوں میں ہو جائے گا۔
یاد رہے کہ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان تین ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز کا پہلا ٹیسٹ میچ 4 مارچ سے راولپنڈی سٹیڈیم میں کھیلا جائے گا جبکہ ٹیسٹ سیریز کے بعد تین ون ڈے میچز پر مشتمل سیریز ہو گی اور ایک ٹی 20 میچ بھی کھیلا جائے گا۔
تبصرے بند ہیں.