اسلام آباد: نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے کورونا پابندیوں میں نرمی کرتے ہوئے کیٹگری بی اور سی کو ختم کرنے کا باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے جس کے باعث اب کسی بھی ملک میں موجود ویکسین شدہ پاکستانی اور غیر ملکی افراد پاکستان آ سکتے ہیں۔
این سی او سی کی جانب سے جاری کئے گئے نوٹیفکیشن کے مطابق این سی او سی کی ہدایت کے مطابق نئی ٹریول پالیسی پر عملدرآمد شروع کر دیا گیا ہے اور پاکستان آنے والے تمام مسافروں کیلئے ویکسی نیشن لازمی قرار دی گئی ہے جبکہ بورڈنگ سے 48 گھنٹے پہلے پی سی آر ٹیسٹ کرانا اور اس کی منفی رپورٹ بھی لازمی ہو گی۔
یورپی ممالک سے آنے والے تمام مسافروں کا ریپڈ ٹیسٹ کیا جائے گا جبکہ سعودی عرب، متحدہ عرب امارات (یو اے ای) اور قطر سے آنے والی کم از کم 50 فیصد فلائٹس کے مسافروں کا ریپڈ ٹیسٹ ہو گا جس دوران مثبت رپورٹ کے حامل افراد 10 روز کا قرنطینہ کریں گے اور آٹھویں روز ان کا دوبارہ پی سی بی آر ٹیسٹ کیا جائے گا۔
این سی او سی کے نوٹیفکیشن میں بتایا گیا ہے کہ ویزہ کی مدت ختم ہونے والے غیر قانونی طور پر مقیم پاکستانی اور ڈی پورٹ ہونے والے پاکستانیوں کو ویکسین سے استثنیٰ تو حاصل ہو گا ہی مگر اس کیساتھ ہی طبی وجوہات، حاملہ خواتین اور 15 سے 18 سال کی عمر کے پاکستانی بھی لازمی ویکسین کی پالیسی سے مستثنیٰ ہوں گے، 15 سے 18 سال کی عمر کے پاکستانی مسافروں کو 15 فروری تک بغیر ویکسین پاکستان آنے کی اجازت ہوگی۔
نوٹیفکیشن میں تمام ائیر پورٹ پر ریپڈ ٹیسٹ کٹس اور طبی عملے کی موجودگی کو یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے جبکہ وزرات نیشنل ہیلتھ سروسز کو ائیر پورٹس پر اضافی ہیلتھ سٹاف کی تعیناتی یقینی بنانے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔
تبصرے بند ہیں.