سپریم کورٹ: علی وزیر کی ضمانت منظور، فوری رہائی کا حکم

93

 

اسلام آباد : سپریم کورٹ نے رکن قومی اسمبلی علی وزیر کی ضمانت منظور کرلی ہے  اور انہیں فوری رہا کرنے کا حکم دے دیا ہے۔

 

جسٹس سردار طارق مسعود کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے کیس کی سماعت کی۔اور رکن قومی اسمبلی علی وزیر کو 4 لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکے جمع کرانے پر ضمانت پر رہا کرنے کا حکم دے دیا۔

 

خیال رہے کہ پولیس نے سندھ پولیس کی درخواست پر علی وزیر کو پشاور سے 16 دسمبر 2020 کو گرفتار کر کے کراچی منتقل کردیا تھا۔

 

انہیں 6 دسمبر 2020 کو کراچی میں نکالی گئی پی ٹی ایم کی ایک احتجاجی ریلی کے دوران ریاستی اداروں کے خلاف اشتعال انگیز اور تضحیک آمیز الزامات لگانے پر گرفتار کیا گیا تھا۔ مذکورہ ریلی کے اگلے روز سہراب گوٹھ پولیس تھانے میں ایک مقدمہ درج کیا گیا تھا۔

 

زیر حراست رکن قومی اسمبلی نے فروری میں انسداد دہشت گردی عدالت سے درخواست ضمانت مسترد ہونے کے بعد سندھ ہائی کورٹ سے رجوع کیا تھا۔

 

سپریم کورٹ میں دائر کردہ درخواست میں سندھ ہائی کورٹ کا فیصلہ کالعدم قرار دینے کی استدعا کی گئی تھی۔ درخواست میں مزید کہا گیا تھا کہ سندھ ہائی کورٹ اور انسداد دہشت گردی عدالت اس بات کو مدِ نظر میں ناکام رہی کہ ایف آئی آر کے چالان میں نامزد گواہ آزاد گواہ نہیں بلکہ پولیس اہلکار تھے۔

 

 

تبصرے بند ہیں.