امریکہ میں جائیداد، آصف علی زرداری کی عبوری ضمانت میں توسیع

125

اسلام آباد: احتساب عدالت نے امریکہ میں جائیداد کے معاملے پر قومی احتساب بیورو (نیب) کی تحقیقات کے کیس میں سابق صدر اور پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کی عبوری ضمانت میں 14 دسمبر تک توسیع کر دی ہے۔ 
میڈیا رپورٹس کے مطابق قومی احتساب بیورو (نیب) نے دوران سماعت آصف علی زرداری کی درخواست ضمانت پر عدالت میں جواب جمع کرایا جس پر احتساب عدالت نے 14 دسمبر کو نیب اور آصف علی زرداری کے وکیل فاروق ایچ نائیک سے دلائل طلب کر لئے ہیں۔ 
نیب نے عدالت میں موقف اختیار کیا کہ آصف علی زرداری امریکہ میں جائیداد پر جاری نیب کی تحقیقات میں مطلوب نہیں ہیں جبکہ آصف علی زرداری کے وارنٹ گرفتاری تاحال جاری نہیں کئے گئے۔ 
واضح رہے کہ قومی احتساب بیورو (نیب) کی جانب سے سابق صدر آصف زرداری کے خلاف پراپرٹی کے ایک اور کیس میں تحقیقات کی جا رہی ہیں۔ اس حوالے سے نیب کی جانب سے آصف زرداری کو جاری کئے گئے نوٹس میں کہا گیا ہے کہ مین ہیٹن نیویارک میں آپ کا اپارٹمنٹ ہے جو پاکستان میں ظاہر نہیں کیا گیا۔
نوٹس میں نیب نے کہا ہے کہ بظاہر یہ اپارٹمنٹ خرید نے کیلئے پاکستان سے کوئی قانونی رقوم نہیں بھیجی گئی ہیں جبکہ سابق صدر آصف علی زداری نے نیب کے نوٹس کو عدالت میں چیلنج کر رکھا ہے۔

تبصرے بند ہیں.