لاہور: اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ عمران نیازی مافیا کا رونا روتے ہیں ، مافیا کابینہ میں بیٹھی ہوئی ہے ۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حمزہ شہباز نے کہا کہ نیازی حکومت چوری شدہ مینڈیٹ کی پیداوار ہے ۔ انہوں نے کہا کہ عمران نیازی مدینہ کی ریاست کا نام لیتے ہیں اپنے خلاف جہاد کیوں نہیں کرتے ۔ عمران نیازی ڈسکہ الیکشن رپورٹ پر جہاد کریں ۔
اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی نے کہا کہ راولپنڈی رنگ روڈ اور ادویات میں اربوں کا غبن ہوا ، جہاد کیوں نہیں کرتے ۔ وہ آگے بڑھیں ، ہم ساتھ دیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ فارن فنڈنگ کیس میں عمران نیازی کیوں اسٹے آرڈر کے پیچھے چھپتے ہیں ۔
حمزہ شہباز نے کہا کہ حکومت کا چوتھا سال شروع ہو چکا ہے لیکن عوام کو نوکری کے جو سبزباغ دکھائے گئے وہ اب تک پورے نہیں ہوئے ۔
لیگی رہنما نے کہا کہ سردیاں آچکی ہیں اور گیس کا شدید بحران دستک دے رہا ہے ، گیس بحران کے باعث معیشت کو پھر دھچکا لگنے والا ہے ۔ ہم نے کمر باندھ لی ہے ، غریب کی بھوک ہم سے نہیں دیکھی جاتی ۔
انہوں نے کہا کہ ریاست مدینہ میں حضرت عمر فاروق سے کرتے کے بارے میں سوال کیا گیا ، عمران نیازی توشہ خانے پر عوام کو جواب کیوں نہیں دیتے ۔ قوم کو عمران نیازی کو دوغلے پن کا میڈل دینا چاہیے ۔
تبصرے بند ہیں.