ایم کیو ایم پاکستان نے عشرت العباد کو پارٹی میں شمولیت کی دعوت دیدی

178

کراچی: متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان نے سابق گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد سمیت دیگر رہنماؤں کو ایم کیو ایم میں شمولیت کی دعوت دے دی۔

نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے عامر خان نے ڈاکٹر عشرت العباد کی سیاست میں واپسی کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ ’اُن کی باتیں قابلِ ستائش ہیں‘ اور ایم کیو ایم کی صورت میں پہلے سے ایک پلیٹ فارم موجود ہے جس کی سیاسی جدوجہد جاری ہے جبکہ کسی اور کی جگہ اس کو مضبوط کرنے کا انتخاب پہلا ہونا چاہیے۔

عامر خان نے سابق گورنر سمیت دیگر رہنماؤں کو شمولیت کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ میں سب کو دعوت دیتا ہوں ایم کیو ایم میں شامل ہو کر اسے مضبوط کریں اور ہمارے دروازے سب کے لیے کھلے ہیں جبکہ شمولیت کرنے والوں کو احترام اور عزت کے ساتھ خوش آمدید کہا جائے گا اور انہیں دل سے قبول کیا جائے گا۔

اُن کا مزید کہنا تھا کہ سندھ کے شہری علاقوں میں ظلم و زیادتیاں اور نا انصافیاں بڑھ گئیں ہیں جبکہ دو ہزار اٹھارہ کے الیکشن کے نتائج کس طرح تبدیل کیے گئے کس طرح آر ٹی ایس سسٹم بیٹھا سب کے علم میں ہے جبکہ کراچی میں حلقہ بندیاں اپنی مرضی اور مفاد کے تحت کی گئیں، فیصل کنٹونمنٹ میں گلستان جوہر میں جہاں ایک وارڈ ہوتا تھا وہاں پانچ وارڈ بنا دئیے گئے۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے 90 کارکنان آج بھی لاپتہ ہے جبکہ حراست میں لیے گئے کارکنان کے مقدمات نہیں چلائے جا رہے اور ہمیں نہ آفس دیے گئے اور نہ برابری کی سیاسی آزادی فراہم کی گئی جبکہ ہم پر آج بھی سختیاں برقرار ہیں اور لوگوں کو ہدایت کی گئی کہ وہ ایم کیو ایم کو فنڈز نہ دیں اور اس طرح کے غیر فطری عمل کے نتائج کبھی مثبت نہیں آتے جبکہ کراچی میں جو بھی کیا گیا اُس کا رزلٹ سب کے سامنے ہیں۔

یاد رہے کہ گزشتہ ماہ دبئی میں مقیم سابق گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد نے سیاست میں واپسی کا اشارہ دیا تھا۔

سابق گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان نے سیاست میں انٹری کا عندیہ دیتے ہوئے کہا تھا میرے پاس مختلف آپشنز ہیں لیکن ابھی غور کررہا ہوں کیونکہ کچھ لوگ چاہتے ہیں میں سیاست اور ملک میں واپس نہ آؤں کیونکہ میرے آنے سے ان کی دکانیں بند ہوجائیں گی۔

سابق گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان نے کہا تھا کہ کراچی اور پاکستان میں مختلف اسٹیک ہولڈرز سے رابطے میں ہوں اور مختلف آپشنز پر غور کررہا ہوں۔ ایم کیو ایم میں اچھے اورپڑھے لکھے لوگ ہیں ، خالد مقبول ، فاروق ستار ، فروغ نسیم ، رضا ہارون ، ڈاکٹر صغیر احمد ، وسیم آفتاب سمیت اچھے چہروں کو اگے آنا چاہیے۔

تبصرے بند ہیں.