پی ٹی آئی ملک کی سب سے بڑی اور قومی سطح کی جماعت ہے: اسد عمر

177

اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) سب سے بڑی اور قومی سطح کی پارٹی ہے اور وزیراعظم پاکستان عمران خان ہی قومی رہنماءہیں۔
اسد عمر نے کنٹونمنٹ بورڈ انتخابات کے اب تک کے غیر سرکاری نتائج پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ کنٹونمنٹ انتخابات نے ایک مرتبہ پھر یہ ظاہر کر دیا ہے کہ پی ٹی آئی ناصرف اس ملک کی سب سے بڑی جماعت ہے بلکہ واحد قومی سطح کی جماعت ہے جس نے ہر صوبے میں سب سے زیادہ یا دوسرے نمبرپر سیٹیں لیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) بلوچستان میں کوئی سیٹ نہ لے سکی اور سندھ میں پانچویں نمبر پر رہی جبکہ پیپلز پارٹی پنجاب اور بلوچستان میں ایک بھی سیٹ حاصل کرنے میں کامیاب نہ ہوئی اور خیبرپختونخواہ میں تیسرے نمبر پر رہی۔ وزیراعظم پاکستان عمران خان ہی قومی رہنماءہیں۔

واضح رہے کہ کنٹونمنٹ بلدیاتی الیکشن کے تمام 212 وارڈز کے غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج سامنے آ گئے ہیں جن کے مطابق حکمران جماعت تحریک انصاف 60 نشستوں کے ساتھ سرفہرست ہے اور مسلم لیگ (ن) نے 59 جبکہ 55 آزاد امیدواروں نے میدان مارا۔
غیر سرکاری و غیر حتمی نتائج کے مطابق پیپلز پارٹی نے 17، متحدہ قومی موومنٹ 10، جماعت اسلامی نے 7، بلوچستان عوامی پارٹی نے 2 نشستوں پر کامیابی حاصل کی تاہم جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) کوئی سیٹ حاصل کرنے میں کامیاب نہ ہو سکی۔
لاہور کے 19 کنٹونمنٹ بورڈز میں سے 15 وارڈز پر مسلم لیگ (ن) کامیاب قرار پائی، راولپنڈی میں بھی مسلم (ن) لیگ نے میدان مارا۔ ملتان میں 10 میں سے 9 نشستوں پر آزاد امیدوار کامیاب رہے لیکن پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کوئی سیٹ نہ حاصل کر سکی۔

تبصرے بند ہیں.