کراچی : پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے کہا ہے کہ ن لیگ نے سندھ کیلئے تاریخی کام کئے ، دوبارہ موقع ملا تو کراچی کو ایشیا کا پیرس بنائیں گے ۔
مزار قائد پر حاضری کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ شہر کے مسائل کے حل کیلئے زیادہ وسائل کی ضرورت ہے ۔ ملک میں ترقی کیلئے چھوٹے صوبوں کو ترقی دینا ہوگی ۔ گرین لائن منصوبہ مسلم لیگ ن کا سندھ اور کراچی کے عوام کیلئے تحفہ ہے ۔
انہوں نے کہا کہ چور دروازے سے آنے والے حکمرانوں کا راستہ بند کرنا ہوگا ، جس کیلئے الیکشن میں شفافیت بھی لازمی ہے ۔
اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ قائداعظم کے احسان کو پوری قوم بھلا نہیں سکے گی ۔ قائداعظم نے پاکستان کو فلاحی ریاست بنانے کا خواب دیکھا تھا ۔ قائد کے فرمودات نظر انداز کرنے پر ہم شرمندہ ہیں ۔
صدر ن لیگ نے کہا کہ پاکستان دو لخت ہو گیا ہم نے پھر بھی سبق نہیں سیکھا ۔ ہم آج بھی منزل سے بہت دور ہیں ، محنت اور دیانت سے اپنا کھویا ہوا مقام حاصل کر سکتے ہیں ۔
انہوں نے مزید کہا کہ طویل لوڈ شیڈنگ کسی جادو ٹونے سے ختم نہیں ہوئی ، لوڈشیڈنگ نواز شریف کی محنت اور جدوجہد سے ختم ہوئی ۔ پیپلزپارٹی ایک سیاسی جماعت ہے ، یہ ایک حقیقت ہے ۔ بطور اپوزیشن لیڈر میرا فرض ہے تمام جماعتوں کو ساتھ لیکر چلوں ۔
Next Post
تبصرے بند ہیں.