طالبان نے فوک گلوکار کو قتل کردیا

464

بغلان: افغان طالبان نے فوک گلوکار کو قتل کردیا ۔پچپن سالہ فواد اندرابی کا تعلق بغلان صوبے سے  تھا بطور موسیقار اور گلوکار ملک گیر شہرت رکھتے تھے ۔

تفصیلات کے مطابق افغانستان کے صوبے بغلان میں مقامی طالبان کا ایک گروہ فوک گلوکار فواد اندرابی کے گھر گیا۔ طالبان گروہ  کی فواد اندرابی اور ان کے اہلخانہ نے بطور مہمان خاطرمدارت کی ۔

گلوکار فواد اندرابی کے بیٹے جواد اندرابی نے بتایا کہ مقامی طالبان کے گروہ نے پہلے ان کے والد سے ملاقات کی خواہش ظاہرکی اور پھر اگلے روز ملاقات کے لئے گھر آئے ۔ انہوں  نے میرے والد کے ساتھ مل کر چائے پی اور پھر ان سے  گانا سنا ۔

گلوکار کے بیٹے کا کہنا تھا کہ طالبان کے گروہ نے والد سے کہا کہ وہ ان کے ساتھ گھر سے باہر تک چلیں جس پر والد نے آمادگی کا اظہار کیا اور ان کو گھر سے  تھوڑی دور تک چھوڑنے کے لئے چلے گئے ۔

فواد انداربی کے گھر سے جانے کے چند منٹ بعد ہی فائر کی آواز آئی اور ہم نے تشویش کے عالم میں گھر سے باہر جا کر دیکھا تو تھوڑی دور فواداندرابی کی لاش پڑی نظر آئی ۔

جواداندرابی کا مزید کہنا تھا کہ میں نے صوبے کے طالبان ترجمان سے رابطہ کرکے اپنے والد کے قتل کا احوال بتایا ہے جس پر ان سے کہا گیا ہے کہ ان کے ساتھ انصاف ہوگا ۔

افغانستان کے صوبے بغلان میں فوک گلوکار فواد اندرابی کافی عرصے سے گلوکاری کو خیر باد کہہ چکے تھے  اور افغانستان میں اچھے دنوں کی آمد کے منتظر تھے ۔

یاد رہے کہ طالبان کی طرف سے کچھ دن قبل کہا گیا تھا کہ اسلام میں موسیقی کو ممنوع قرار دیا ہے اس لئے افغانستان میں پبلک مقامات پر موسیقی نہیں ہوگی ۔

 

تبصرے بند ہیں.