چمن: پاک افغان بارڈر باب دوستی آج سے کھولنے پر اتفاق کر لیا گیا ہے اور لیویز حکام کے مطابق افغان شہریوں کو مہاجر کارڈ پر پاکستان آنے کی اجازت نہیں ہو گی۔
لیویز حکام کے مطابق افغان شہریوں کو مہاجر کارڈ پر پاکستان آنے کی اجازت نہیں ہوگی جبکہ کسٹم حکام کا کہنا ہے کہ ٹریڈ کلیئرنگ کیلئے ہدایات موصول ہوئی ہیں۔ فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) حکام کا کہنا ہے کہ باب دوستی پر پیدل آمدورفت منظم بنانے کیلئے ایس او پیز تیار کر لئے ہیں، پاکستانیوں کی آمد کی صورت میں کورونا ایس او پیز کیلئے ہیلتھ ٹیمیں بارڈر پر موجود ہیں۔
واضح رہے کہ ایک روز قبل سیکیورٹی مسائل کے باعث اہم تجارتی گزرگاہ باب دوستی کھولنے کا فیصلہ موخر کرتے ہوئے مال بردار ٹرک واپس ٹرمینلز منتقل کر دئیے گئے تھے جبکہ کسٹم عملے کو موجود رہنے اور بارڈر کے دونوں جانب موجود شہریوں کو واپس جانے کی ہدایت کی گئی تھی۔
یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ 2 روز قبل باب دوستی کھولنے سے متعلق پاکستانی حکام اور طالبان میں مذاکرات کامیاب ہوگئے تھے جس کے بعد سرحد کو کھولنے کا اعلان کیا گیا تھا۔ مذاکرات کے بعد طالبان کی جانب سے جاری اعلامیہ میں بتایا گیا تھا کہ پاکستانی حکام کے ساتھ کامیاب مذاکرات کے بعد پاک افغان بارڈر باب دوستی کھولنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
اعلامیہ میں کہا گیا تھا کہ پاکستانی حکام کے ساتھ 5 میں سے 3 شرائط پر اتفاق جبکہ 2 کو بعد میں زیربحث لایا جائے گا، باب دوستی پیدل آمدورفت کیلئے روزانہ 8 گھنٹے کھلا رہے گا، پیدل آمدورفت شناختی کارڈ کے علاوہ افغانی دستاویز اور مہاجرکارڈ پر بھی ہوگی۔
تبصرے بند ہیں.