سندھ میں 9 اگست کے بعد لاک ڈاﺅن رہے گا یا نہیں؟ مرتضی وہاب نے بتا دیا

163

کراچی: سندھ حکومت کے ترجمان مرتضی وہاب نے کہا ہے کہ 9 اگست کے بعد لاک ڈاؤن رہے گا یا نہیں، ابھی اس بارے میں کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہو گا اور ٹاسک فورس ہی اس معاملے میں کوئی فیصلہ کرے گی۔
سندھ حکومت کے ترجمان مرتضی وہاب نے لاک ڈاؤن کے حوالے سے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ 9اگست کے بعد لاک ڈاؤن کے حوالے سے کچھ نہیں کہا جا سکتا کیونکہ یہ فیصلے ٹاسک فورس کرتی ہے، ہمیں ایس اوپیزکو فالو کر کے کورونا وائرس کو روکنا ہے، 2لاکھ 11 ہزار لوگوں کو اسی صوبے میں ویکسین لگی ہے۔
سندھ حکومت پر تنقید کا جواب دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ میں توابھی بھی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) والوں کو تنقید کا نشانہ نہیں بنا رہا، کچھ لوگ منفی سیاست اورپروپیگنڈہ کر رہے ہیں، گزشتہ دنوں جن لوگوں نے ایکسپو سینٹر میں جو کچھ بھی کیا، وہ غلط ہے۔
گزشتہ رات ڈیفنس میں ہونے والے شادی کی تقریب سے متعلق بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی رکن قومی اسمبلی کی تقریب میں انتظامیہ گئی اور اسے بندکروایا گیا، اس معاملے میں قانون کے مطابق جوکارروائی بنتی ہے وہ ہونی چاہیے، وہ افرادجوتقریب میں شرکت کیلئے گئے تھے انہیں بھی سوچنا چاہیے۔
ترجمان سندھ حکومت نے مزید کہا کہ موبائل ویکسی نیشن سینٹر کو گلی محلوں تک پھیلانے کی پوری کوشش کر رہے ہیں اور جولوگ اختیارات کاغلط استعمال کرتے ہیں، ان کے خلاف قانون کے عین مطابق کارروائی ہونی چاہیے۔

تبصرے بند ہیں.